7نومبر کو جموں میں ہو گا اجلاس منعقد ۰کئی اہم امور پر ہوگا تبادلہ خیال ،خصوصی پوزیشن کی بحالی کے لئے پر عزم :اتحاد
کے این ایس
سرینگر؍؍ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ (پی اے جی ڈی) کاآئندہ اجلاس 7 نومبر کو جموں میں ہونے والا ہے جس میں آرٹیکل 370اور35(اے) کی بحالی کے لئے مہم کو مضبوط بنانے کے بارے میں بات چیت کی جائے گی ۔یہ گپکار اعلامیہ کے دستخط کنند گان کا جموں میں پہلا اجلاس ہوگا ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق اتحاد کے ایک نمائندے نے کے این ایس کو بتایا کہ یہ اجلاس بھٹڈی جموں میں ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کی رہائش گاہ پر کیا منعقد ہوگا اور عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے صدر اس اجلاس کی سربراہی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس کے شرکاء آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد جموں و کشمیر کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور وخوض کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کے دوران جموں کی اُس لیڈرشپ کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا ،جس نے دفعہ370اور35(اے) کی منسوخی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ۔انہوںنے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران آرٹیکل370 کی بحالی کے لئے تحریک کو مستحکم بنانے کے لئے ایک ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ پچھلے سال نئی دہلی کے ذریعہ ہمارے حقوق زبردستی چھین لئے گئے تھے ،ان حقوق کو واپس لانے کے لئے اجتماعی لڑائی کی ضرورت ہے۔ جموں کا اجلاس اس میں ایک کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتفاق رائے اور مہم کو بھی مستحکم کرنے کے سلسلے میں یہ اجلاس سنگ میل ثابت ہو گا ۔یاد رہے کہ این سی ، پی ڈی پی ، پی سی ، اے این سی ،سی پی آئی ایم یوٹی کی چھ سیاسی جماعتوں نے عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ تشکیل دیا ہے ۔