جامع مسجد عائشہ ترکوٹانگر جموں میں میلاد النبیﷺ کی تقریب کا انعقاد
لازوال ڈیسک
جموں // عید میلاد النبی کے موقعہ یہاں جموں کی مرکزی جامع مسجد عائشہ ترکوٹانگر جموں میں میلاد النبی ﷺکانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر خطیب مرکزی جامع مسجد عائشہ مولانا اعجازالحق بخاری نے احادیث مبارکہ کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ کائنات کی سب سے بڑی عید ہے اور یہ عیداگر نہ ملتی تو کوئی عید آج نہ ہوتی۔ مولانا نے کہاکہ عید میلادالنبی صلی علیہ وسلم انسانیت کی عید ہے ،اس دن اللہ تعالی نے دنیا میں ایک ایسی شخصیت کو مبعوث فرمایا جنکی آمد سے ظلمت کے بادل چھٹ گئے اور نور ہی نور آگیا ۔ انہوں نے کہا میلاد النبی ﷺمنانے کے ساتھ ساتھ ہمیں تمام فرائض کی اصل نماز کی پابندی کی طرف دھیان دینا ہے اور ہمیں عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں سب سے اہم کام جو کرنا ہے وہ خدائے قدوس کی عبادت کرنی ہے۔موصوف نے کہاکہ آپسی بھائی چارہ ،محبت امن چین بناکررکھنا ہے اور میلاد کی خوشی میں ہمیں غرباء مساکین کا خیال رکھناہے ۔اس موقعہ نائب امام حافظ افتاب اشرفی ،الحاج اللہ راکھانے لوگوں کو میلاد النبی ﷺکی مباکباد پیش کی ۔تقریب کے آخر میں دعا و سلام کے بعد تبرک تقسیم کیا گیا ۔