کئی اسکولوں کے طلباء نے کی شرکت ،قومی اتحاد پر ڈالی روشنی
لازوال ڈیسک
پونجھ؍؍ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کے گورنمنٹ ماڈل ہائیر اسکنڈری اسکول میں قومی یوم اتحاد قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ قومی یوم اتحاد کی تقریب کے موقع پر ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے قومی اتحاد میں نوجوانوں کے کردار پر اظہار خیال کیا۔ اس سمپوزیم میں ماڈل ہائیر اسکنڈری اسکول ساوجیاں کے علاوہ ہائی اسکول گگڑیاں، ہائی اسکول بیدار اور ہائی اسکول ڈنوگام کے طلباء اور اساتذہ بھی شریک ہوئے۔ ناظم پروگرام شبہیہ الحسن نے قومی یوم اتحاد کے حوالے سے بتایا کہ یہ دن بھارت کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم ولادت کی مناسبت سے منایا جاتا ہے اور اس دن کی شروعات 31 اکتوبر 2014 کو بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے کی تھی ۔اس موقعہ پر ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے حوالے سے مختلف تقاریب کا اہتمام ملک بھر میں کیا جاتا ہے۔ وہیںتقریری مقابلہ میں شریک طالب علموں میں اسناد اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ اس مقابلے میں پہلا انعام ماڈل ہائیراسکنڈری اسکول ساوجیاں کے طالب علم اشتیاق احمد نے حاصل کیا جبکہ دوسرا انعام اسی سکول کے عاقل بانڈے کے حصے میں آیا اورتیسرا انعام ہائی سکول گگڑیاں کی ایک طالبہ نے حاصل کیا۔ اس موقع پر حاضرین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ماڈل ہائیر اسکنڈری اسکول کے پرنسپل اور اس تقریب کے منتظم اعلی انور خان نے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے طلباء سے کہا کہ وہ ملک کے اتحاد و سالمیت اور یکجہتی کے لئے ہر ممکن کوشش کریں ۔