نبی ﷺکی سیرت پر عمل کرنے کا نام میلاد ہے :مولانا مقصود نعیمی

0
0

پونچھ کے چنڈک میں عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا پروگرام منعقد
اعجازالحق بخاری
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کے چنڈک میں عید میلاد النبی ﷺ کے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام نے مدلل بیانات کئے ۔ اس موقع جامع مسجد مولیٰ علی چنڈک کے خطیب مولانا مقصود احمد نعیمی نے بیان کرتے ہوئے کہاکہ نبی پاک ﷺ کے حالات و کمالات اور فضائل معجزات کو بیان کرنے کا نام عید میلاد النبی ہے۔موصوف نے کہا کہ رسول کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ مسلمان متحد ہو کر امن و آشتی کا درس دیں۔ انہوں نے کہا آپ ؑ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیا اور یہ پیغام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ مولانا نعیمی نے کہا میلاد النبیؑ اس عظیم الشان انسان کا جنم دن ہے جو زمین پر بسنے والے تمام انسانوں کیلئے رحمت بن کر آئے اور وہ اصول اپنے ساتھ لائے، جن کی پیروی میں ہر فرد انسانی، ہر قوم و ملک اور تمام نوع انسان کیلئے یکساں فلاح اور سلامتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ دن اگرچہ ہر سال آتا ہے مگر اب کے سال یہ ایسے نازک موقعے پر آیا ہے جب کہ زمین کے باشندے ہمیشہ سے بڑھ کر اس دانا کامل کی رہنمائی کے محتاج ہیں۔ واضح رہے اس موقعہ پر تبرکات کا اہتمام کیا گیا جہاں نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا