گریٹر کشمیر کے دفتر سمیت کشمیر میں10مقامات پر چھاپے ،بنگلورو میں بھی ایک مقام پر چھاپہ ،دستاویز
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کی صبح وادی کشمیر میں دس الگ الگ مقامات پر چھاپے ڈالے۔سرکاری ذرائع کے مطابق این آئی اے نے پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہمراہ بدھ کی صبح سری نگر کی پریس کالونی میں واقع انگریزی روز نامہ ‘گریٹر کشمیر’ کے دفتر چھاپہ ڈالا۔ایجنسی نے سونہ وار علاقے میں واقع معروف حقوق بشر کارکن اور جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کے کوآرڈی نیٹر خرم پرویز کی رہائش گاہ اور دفتر، ان کے دو ساتھیوں پرویز احمد بخاری اور پرویز احمد موٹہ کی رہائش گاہوں کے علاوہ ‘اتھرٹ’ نامی غیر سرکاری تنظیم کے دفتر پر بھی چھاپہ ڈالا۔ذرائع نے بتایا کہ اے پی ڈی اے کے دفتر جوکہ حیدر پورہ میں واقع ہے ،پر بھی چھاپہ ڈالا گیا ۔یہ ایسوسی ایشن 1990سے لاپتہ ہوئے افراد کی بازیابی کے لئے جدوجہد کررہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ صحافی پرویز بخاری کے فلیٹ واقع ناز کالونی پانتھہ چوک پر بھی چھاپہ ڈالا ۔پرویز بخاری انٹر نیشنل میڈیا ادارہ اے ایف پی سے وابستہ ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں این آئی اے نے حرکت کارکن کی رہائش گاہ پر چھاپہ ڈالا ۔ذرائع نے بتایا کہ برار بانڈی پورہ میں واقع حریت کارکن کی رہائش گاہ پر این آئی اے نے تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ذرائع نے حریت کارکن کی شناخت محمد یوسف کے بطور کی ہے ۔یاد رہے کہ این آئی اے نے چھاپہ مار کارروائیاں جموں وکشمیر میں اراضی قانون نافذ ہونے کے محض ایک دن بعد عمل میں لائیں ۔اس قانون کے تحت کوئی بھی غیر مقامی شہری جموں وکشمیر میں زمین خرید سکتا ہے ۔تاہم اس حوالے سے جموں وکشمیر میں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ادھر این آئی اے کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق سرینگر اور بانڈی پورہ میں 10مقامات پر چھاپہ ڈالے جبکہ بنگلور میں ایک مقام پر چھاپہ ڈالا گیا ۔این آئی اے حکام کے مطابق فنڈنگ کے معاملے کی تحقیقات کے حوالے سے یہ چھاپہ مار کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ۔ان کا کہناتھا کہ فنڈ جمع کرنے کے بعد یہ رقم فلاحی کاموں کی بجائے جموں وکشمیر میں علیحدگی پسند سر گرمیوں فروغ دینے کے لئے خرچ کئے جاتے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے این آئی اے نے ایک کیس زیر دفعات120B،124Aآئی پی سی اور 17،18،22A،22C،38،39اور40یو اے (پی) اے 1967کے تحت درج کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی اہم دستاویزات اور الیکٹرانک آلات کو ضبط کیا گیا ۔