یہ طے ہے کہ جہاں سے خطرہ ہو گا، وہیں حملہ کیا جائے گا:ڈوبھال، تقریر میں کسی ملک کا حوالہ نہیں دیا :مرکز کی وضاحت
یواین آئی
نئی دہلی؍؍مشرقی لداخ میں ہندستان اور چین کی افواج کے درمیان گزشتہ کئی مہینوں سے چلی آ رہی کشیدگی کے بیچ قومی سلامتی صلاح کار اجیت ڈوبھال نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہندستان نے کبھی بھی کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کیا ہے، لیکن یہ طے ہے کہ جہاں سے خطرہ ہو گا، وہیں حملہ کیا جائے گا۔ادھر مرکز نے اس بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈوبھال نے اپنی تقریر میں کسی ملک کا حوالہ نہیں دیا ۔تفصیلات کے مطابق مشرقی لداخ میں ہندستان اور چین کی افواج کے درمیان پچھلے کئی مہینوں سے چلی آ رہی کشیدگی کے بیچ قومی سلامتی صلاح کار اجیت ڈوبھال نے اتوار کو اشاروں ہی اشاروں میں چین سے لے کر پاکستان تک کو وارننگ دے ڈالی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوبھال نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہندستان نے کبھی بھی کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کیا ہے، لیکن یہ طے ہے کہ جہاں سے خطرہ ہو گا، وہیں حملہ کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وجئے دشمی کے خاص موقع پر اتراکھنڈ کے رشی کیش میں ایک پروگرام میں پہنچے این ایس اے اجیت ڈوبھال نے کہا’ ہم وہیں لڑیں گے جہاں پر آپ کی خواہش ہے یہ کوئی ضروری تو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہاں جنگ لڑیں گے جہاں سے ہمیں خطرہ محسوس ہو رہا ہے‘۔ڈوبھال نے کہا ’ہم جنگ تو کریں گے، اپنی زمین پر بھی کریں گے اور باہر کی زمین پر بھی کریں گے لیکن اپنے نجی مفاد کے لئے نہیں کریں گے۔‘ این ایس اے اجیت ڈوبھال نے کہا ہے کہ ہندستان ایک باوقار ملک ہے جس کا وجود قدیم زمانے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان بھلے ہی1947 میں وجود میں آیا ہو لیکن قدیم ہندستانی علم۔ سائنس کی معترف پوری دنیا ہمیشہ سے رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوبھال نے کہا کہ ہندستان اپنی مالامال ثقافت کی وجہ سے کسی مذہب یا زبان کے دائرے میں نہیں بندھا۔ان کا کہناتھا کہ ہندستان کو ایک ملک کے طور پر مضبوط پہچان دلانے اور مہذب بنانے میں یہاں کے سنتوں اور مہاتماوں کا بڑا تعاون ہے جبکہ ہندستان میں الگ الگ وقت پر سنتوں نے ہندستان کی تعمیر میں اپنا اہم رول نبھایا ہے۔ڈوبھال کے بیان پر حکومت کی صفائی:این ایس اے ڈوبھال کے بیان پر حکومت کی طرف سے صفائی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ این ایس اے کا بیان چین کو لے کر نہیں دیا گیا ہے بلکہ یہ ہندستان کی روحانی سوچ پر دیا گیا ہے۔ حالانکہ ڈوبھال کا یہ بیان واضح کرتا ہے کہ ہندستان کسی بھی ملک سے ڈرنے والا نہیں ہے اور جنگ کی کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے وہ پوری طرح سے تیار ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق حکام نے اپنی وضاحت میں کہا کہ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول کی تقریر چین سے متعلق یا کسی مخصوص صورتحال کیلئے نہیں تھی اور نہ ہی وہ تقریر میں کسی ملک کا حوالہ دے رہے تھے۔