جموں و کشمیر سپورٹس کونسل میں عملے کی ترقیاں برسوں سے التوا میں

0
0

یواین آئی

جموں؍؍جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نے عرصہ دراز سے اپنے عملے کی ترقیوں کو التوا میں رکھا ہے۔باوثوق ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ محکمہ میں بعض افسروں کی من مانی کی وجہ سے کئی برسوں سے کسی بھی ملازم کی ترقی نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضوابط کے مطابق ایک جونیئر کوچ کو ترقی دے کر سینئر کوچ بنایا جاتا ہے اور پھر اس کے بعد چیف کوچ پھر منیجر، منیجر کے بعد سپورٹس افسر اور اور پھر وہ چیف سپورٹس افسر بن جاتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پہلے ایک درجے سے دوسرے درجے کی ترقی کے لئے پانچ برس کا عرصہ متعین تھا جس کو بعد میں کم کر کے تین برس کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے کئی ملازمین یہ مقررہ عرصہ مکمل کرنے کے بعد بھی ترقی کے انتظار میں تھک گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی سے قبل محکمہ میں منیجروں کے 22 پوسٹ تھے اور پھر سابق ریاست کے دو یونین ٹریٹریز میں منقسم ہونے کے بعد دو پوسٹس لداخ یونین ٹریٹری جبکہ بیس پوسٹس جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کو دیے گئے۔مذکورہ ذرائع نے کہا کہ ان بیس میں 17 پوسٹس پر ایسے افراد فائز ہیں جو اس کی اہلیت نہیں رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل پرموشن کمیٹی کی میٹنگیں منعقد ہوتی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی نا اہل افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور نظر ملازمین کو ترجیح دینے کے پیش نظر ترقی دینے کی فہرست کو التوا میں رکھا جاتا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا