گاندربل حملے میں مارا جانے والا جنگجو ریاض نائیکو کا قریبی ساتھی تھا: دلباغ سنگھ

0
0

مہلوک پولیس اہلکار اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک؛ تجہیز وتکفین میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت
یواین آئی

سرینگر؍؍جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ گاندربل حملے میں مارا جانے والا جنگجو حزب المجاہدین کے مہلوک چیف آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو کا قریبی ساتھی رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجو کو خصوصی طور پر گاندربل حملہ کرنے کے لئے بھیجا گیا تھا۔بتادیں کہ منگل کی شام وسطی ضلع گاندربل میں جنگجوؤں نے بی جے پی لیڈر غلام قادر راتھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں شبیر احمد ساکن اونتی پورہ نامی ایک جنگجو اور موصوف لیڈر کا ایک ذاتی محافظ الطاف حسین ہلاک ہوا۔اس دوران وسطی ضلع گاندربل میں منگل کی شام بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر پر حملے کے دوران مارے جانے والے پولیس اہلکار الطاف حسین کو بدھ کے روز اپنے آبائی مقبرہ واقع گاندر پورہ عیدگاہ میں سپرد خاک کیا گیا۔دلباغ سنگھ نے بدھ کی صبح یہاں ضلع پولیس لائنز میں منگل کی شام جنگجوؤں کے حملے میں مارے جانے والے پولیس اہلکار الطاف حسین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پر میڈیا کو اس حملے کے بارے مختصر تفصیلات فراہم کیں۔انہوں نے کہا: ‘کل شام بی جے پی لیڈر غلام قادر راتھر، جو ننر گاندربل کے رہنے والے ہیں، گھر سے نکل رہے تھے کہ ان پر جب حملہ کیا گیا۔ ان کے ساتھ ہمارے دو لوگ الطاف حسین اور کانسٹیبل جہانگیر تھے۔ تو الطاف حسین نے جوابی فائر کیا اور خود زخمی ہوگئے اور اس دوران شبیر احمد ساکن اونتی پورہ نامی ایک جنگجو، جو ریاض نائیکو کا قریبی ساتھی رہا ہے، ہلاک ہوا’۔موصوف پولیس سربراہ نے بتایا کہ الطاف حسین کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ زخمی کی تاب نہ لا کر فوت ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ساتھی پر فخر ہے کہ جس نے حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور پسماندگان کے ساتھ ہماری ہمدردیاں ہیں۔دلباغ سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مہلوک جنگجو کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا اور پہلے وہ جنگجو اعانت کار کے بطور کام کرتا تھا اور اب کچھ عرصہ سے سرگرم جنگجو بن گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجو کو گاندربل ٹارگٹ کلنگ کے لئے بھیجا گیا تھا۔جائے وارات پر ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال نے واقعے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا تھا: ‘شام کو بی جے پی لیڈر غلام قادر جس کو سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، پر اس وقت حملہ ہوا جب وہ گھر سے اپنی سرکاری رہائش گاہ کی طرف جا رہے تھے، موصوف لیڈر کے ساتھ پولیس کی ایک پارٹی موجود تھی جس نے جوابی کارروائی کی اس دوران ایک ملی ٹنٹ ہلاک ہوا۔ مہلوک ملی ٹنٹ سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا’۔انہوں نے کہا کہ حملے کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔موصوف نے کہا کہ اندھیرے کی وجہ سے حملہ کرنے والے جنگجوؤں کی تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم جائے واردات سے جو کارٹریجز موصول ہوئے ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور ایک سے زیادہ تھے۔انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجو کا تعلق بمطابق رپورٹس ٹی آر ایف سے ہے۔دریں اثنا ضلع پولیس لائنز سری نگر میں بدھ کی صبح مہلوک پولیس اہلکار الطاف حسین کی میت پر پھول مالائیں چڑھانے کی تقریب منعقد کی گئی۔پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس تقریب میں جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کیعلاوہ ایڈیشنل ڈی جی پی کارڈینشنز جاوید مجتبیٰ گیلانی، ایڈیشنل ڈی جی پی ہیڈ کوارٹرس اے جی میر، ایڈیشنل ڈی جی پی سی آئی ڈی آر آر سوین، ایڈیشنل ڈی جی پی آرمڈ اے کے چودھری، آئی جی پی کشمیر وجے کمار، آئی جی سی آر پی ایف آپریشنز دیپک رتن، ڈی آئی جی سی آر پی ایف آپریشنز اشوک شامیال، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر ایم حسیب مغل، ضلع مجسٹریٹ گاندربل شفقت اقبال، ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال وغیرہ نے شرکت کی۔وسطی ضلع گاندربل میں منگل کی شام بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر پر حملے کے دوران مارے جانے والے پولیس اہلکار الطاف حسین کو بدھ کے روز اپنے آبائی مقبرہ واقع گاندر پورہ عیدگاہ میں سپرد خاک کیا گیا۔یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ مرحوم پولیس اہلکار کے جلوس جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اشک بار آنکھوں کے ساتھ انہیں سپرد لحد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین سینہ کوبی کرتے ہوئے صبح سے ہی ان کی لاش کا انتظار کررہی تھیں اور جوں ہی لاش گھر پہنچی تو وہاں قیامت صغریٰ بپا ہوئی اور وہاں موجود مرد و خواتین خاص کر رشتہ داروں کے آہ و نالے بلند ہوئے۔مرحوم پولیس اہلکار کے پسماندگان میں والدین اور اہلیہ کے علاوہ 18 ماہ کا بیٹا حسنین شامل ہیں۔قبل ازیں ضلع پولیس لائنز سری نگر میں میں بدھ کی صبح مہلوک پولیس اہلکار الطاف حسین کی میت پر پھول مالائیں چڑھانے کی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں پولیس و سیکورٹی فورسز کے سینئر افسروں نے شرکت کر کے مہلوک پولیس اہلکار کو شاندار خراج عقیدت ادا کیا۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں اپنے پولیس جوان پر فخر ہے جس نے حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔بتادیں کہ منگل کی شام وسطی ضلع گاندربل میں جنگجوؤں نے بی جے پی لیڈر غلام قادر راتھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں شبیر احمد ساکن اونتی پورہ نامی ایک جنگجو اور موصوف لیڈر کا ایک ذاتی محافظ الطاف حسین ہلاک ہوا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا