یواین آئی
سرینگر؍؍محکمہ سیاحت کشمیر کے کیجول لیبرس نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات خاص کر گذشتہ چھ برسوں سے رکی پڑی تنخواہوں کی واگذاری کو لے کر احتجاج درج کیا۔احتجاجی اپنے حقوق کے حق میں جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر کشمیر ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کیجول لیبرس یونین کے ایک عہدیدار نے میڈیا کے سامنے اپنی رو داد بیان کرتے ہوئے کہا: ‘ہم لوگ سال 2104 سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور حال ہی میں جو ہمارے ڈائریکٹر نے بجٹ پیش کیا اس میں بھی ہم شامل نہیں ہیں’۔انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں کے ہمارے ساتھیوں کو باقاعدہ تنخواہ واگذار کی جاتی ہے لیکن یہاں کشمیر میں ہی ہمیں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔موصوف نے کہا کہ ہم کل 342 لیبرس ہیں اور ہم سے صرف 14 اثرورسوخ والے ہیں جنہیں باقاعدہ تنخواہ ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مسئلے کو تین دنوں کے اندر اندر حل نہیں کیا گیا تو ہم جمعرات کو ٹی آر سی میں ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا دیں گے اور بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔