فوج و عوام نے ایک ساتھ خون عطیہ کیا
یواین آئی
سرینگر؍؍شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں منعقدہ خون کے عطیہ کے ایک کیمپ میں فوجی جوانوں اور عام شہریوں نے ایک ساتھ خون عطیہ کیا۔ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے ضلع ہسپتال میں پیر کے روز ‘ڈونیٹ بلڈ اینڈ سیو لائوز’ کے بینر تلے خون کے عطیہ کا ایک کیمپ منعقد ہوا جس میں فوجی جوانوں اور عام شہریوں نے ایک ساتھ خون عطیہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا متاثرین کے لئے یہ خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا تھا اور دوسری جگہوں پر بھی ایسے کیمپس منعقد کئے جارے ہیں۔موصوف نے کہا کہ ایسے اقدام نہ صرف مریضوں کے لئے فائدہ بخش ہیں بلکہ فوج اور عوام کے درمیان بھی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ممد و معاون ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں بڑی تعداد میں فوجی جوانوں اور عام شہریوں نے کورونا گائیڈ لائنز کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے خون عطیہ کیا۔دریں اثنا فوج نے سرحدی علاقہ ٹنگڈار میں بچوں کے لئے ایک ڈرائنگ مقابلہ منعقد کیا۔