یواین آئی
سرینگر؍؍گرمائی دارالحکومت سری نگر کے سول لائنز علاقوں بشمول تجارتی مرکز لالچوک میں پیر کو سیکورٹی فورسز اہلکار نجی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تلاشی لیتے ہوئے نظر آئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق سری نگر کے دوسرے حصوں میں بھی سیکورٹی فورسز اہلکار گاڑیوں خاص کر دو پہیہ والی گاڑیوں کی تلاشی کر رہے ہیں تاکہ جنگجوؤں کے کسی بھی قسم کے منصوبے کا ناکام بنایا جا سکے۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ شہر کے تجارتی مرکز لالچوک میں پیر کو سی آر پی ایف اہلکار پرائیویٹ گاڑیوں کی تلاشی کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کو روکا جا رہا تھا اور مسافروں کو آگے جانے سے قبل پوچھ تاچھ کی جاتی تھی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جاتے تھے۔موصوف نے بتایا کہ دو پہیہ والی گاڑیوں کو بھی روکا جا رہا تھا اور ان پر سوار مسافروں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی تھی۔انہوں نے کہا: ‘یہاں ایسا شاذ ونادر ہی یکھنے کو ملتا ہے کہ سیکورٹی فورسز اہلکار، پولیس اہلکاروں کے بغیر ہی گاڑیوں کی تلاشی کررہے ہوں’۔دریں اثنا مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سال گذشتہ کے ماہ اگست میں شہر میں جگہ جگہ قائم کئے جانے والے بنکروں کی وجہ سے خطرات و خدشات پیدا ہوئے ہیں۔