تعمیراتی میٹریل سپلائی کرنے والوں کو ہراساں کرنے کیخلاف اپنی پارٹی کا احتجاجی دھرنا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍اپنی پارٹی نے تعمیراتی میٹریل سپلائی کرنے والے، ٹریکٹر۔ٹرالی اور ٹیپر آپریٹرز جنہیں مبینہ طور محکمہ پولیس ہراساں کر رہا ہے ، کے حق میں ریہاڑی میں احتجاج کیا۔ ریت، بجری اور سیمنٹ سپلائی کرنے والوں کے حق میں اپنی پارٹی لیڈران نعرے بازی کرتے ہوئے ریہاڑی چوک نزدیک گردوارا جمع ہوئے اور وہاں دھرنا دیا جس کی قیادت پارٹی صوبائی صدر منجیت سنگھ کر رہے تھے۔ منجیت سنگھ نے کہاپولیس مبینہ طور سانبہ سے ریت ودیگر تعمیراتی میٹریل سے لدے ٹریکٹر اور ٹیپروں کو جموں ضلع میں مختلف ناکوں پر روک کر ہراساں کرتی ہے ، انہیں روکا جاتا ہے اور ضبط کر لیاجاتاہے، جبکہ دوسری اور مائننگ مافیا کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے جوکہ پولیس کی مدد سے شفاف طریقہ سے تعمیراتی میٹریل سپلائی کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہاکہ کان کنی مافیا کو مبینہ طور کھلی چھوٹ دینے کے لئے جان بوجھ کر ٹریکٹر اور ٹیپر ڈرائیوروں کو ہراساں کیاجارہاہے۔ پولیس اور کان کنی مافیا کے درمیان ساز باز سے تعمیراتی میٹریل کی قیمت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے جوعام آدمی کی خرید سے باہر ہوگئی ہے۔ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے مکان تعمیر کرنے والے غریب لوگوں کا استحصال ہورہا ہے۔اس معاملہ پر خاموشی اختیار کرنے کے لئے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابقہ وزیر نے کہاکہ ’’بی جے پی والے یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ جموں کی واحد آواز ہیں اور خطہ کی بلاامتیاز وتعصب نمائندگی کرتے ہیں، تاہم بی جے پی لوگوں کی مشکلات کے تئیں چنیدہ رویہ اختیار کرنے کے لئے ایکسپوز ہوچکی ہے۔ سال 2014اسمبلی انتخابات میں جموں کے لوگوں نے بھاجپا کو25نشستیں دیں لیکن پارٹی نے عوام سے دھوکہ کیا، لوگ تو بے اختیار نہیں تاہم حقیر سیاسی مفادات کی خاطر اُن کو بے اختیار اور مسترد کردہ محسوس کر رہے ہیں۔منجیت سنگھ نے کہاکہ ’’انتظامیہ کی طرف سے نظر انداز کئے گئے لوگوں کی حمایت میں ہماری ایجی ٹیشن جاری رہے گی، ہم اتحاد اور بھائی چارہ کے وعدہ بند ہیں‘‘۔لوگ سخت مایوسی کا شکار ہیں کیونکہ پولیس اور سول انتظامی سطح پر اُن کی کوئی سن کر راضی نہیں، سیاسی جماعتیں جوحزب اختلاف میں اُن کے حق میں بات کرتی تھیں، اب خاموشی سے اُن کی مشکلات دیکھ رہی ہیں۔احتجاج میں سابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ، پرنو شگوترہ، ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت، اوبی سی ریاستی کارڈی نیٹر مدن لال چلوترہ، شنکر سنگھ چب، اعجاز کاظمی، آر کے للوترہ، شیتل سنگھ، ابہے بقایہ، گورو کپوار، یاسر چوہدری، شبیر کوہلی، سردیش رانا، سنجے دھر، جوگیندر سنگھ، ویشال زوتشی، رقیق احمد خان، غلام نبی شاہ، سوہن سنگھ سونی، وائی بہو مٹو، جنمیت سنگھ بالی، سمیر چوہدری، ست پال جین صدر سیمنٹ اینڈ بلڈنگ میٹریل ایسو سی ایشن، ساہل سوری، نریش گپتا، رجت سدن، ارپت اروڑہ اور پرشوتم ورما شامل تھے۔