ڈاکٹر شمشاد نے ماریشیس بین الاقوامی اردو کانفرنس میں مقالہ پیش کیا

0
0

لازوال ڈیسک

نئی دہلی؍؍ ناہید انٹرنیشنل اردو ورلڈ موریشس کے زیر اہتمام اردو افسانوں پر ایک روزہ آن لائن بین الاقوامی اردو کانفرنس 29 اگست 2020 کو 10.30 بجے منعقد ہوئی ، جس میں ہندوستان ، امریکہ ، مصر ، قطر ، پاکستان اور ماریشیس کے اردو دانوں نے شرکت کی۔ گورنمنٹ باگلہ ہائر سیکنڈری اسکول ، چورو کے اردو لیکچرر اور سکالر ڈاکٹر شمشاد علی نے مقالہ سعادت حسن منٹو کے عنوان پر اپنا تحقیقی مقالہ بعنوان "منٹو: جنسیات کی تہ میہں پوشیدا حقیقت کا ترجمان افسانہ نگار” پیش کیا۔ناہید انٹرنیشنل اردو ورلڈ موریشس کی جانب سے یک روزہ آن لائن عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس کا عنوان تھا اردو افسانوی ادب۔ سب سے پہلے ناہید انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نازیہ بیگم جافو خان نے مندوبین کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔دہلی اردو اکادمی کے سابق وائس چیئرمین اور جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے سابق صدر شعبہ اردو پروفیسر خالد محمود نے کانفرنس کا افتتاح کیا اور افتتاحی تقریب کی صدارت بھی کی۔ اس موقعے پر جامعہ ملیہ اسلامیہ نء دہلی کے سابق ڈین فیکلٹی آف ہیومینیٹیز اینڈ لینگویجرز پروفیسر وہاج الدین علوی بطور مہمان خصوصی، مہاتما گاندھی انسٹی ٹیوٹ موریشس کے ہیڈ آف اسکول آف انڈین اسٹڈیز ڈاکٹر احمد اعجاز الدین رحمت علی بطور مہمان اعزازی اور الازہر یونیورسٹی قاہرہ ، مصر کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر احمد محمد احمد القاضی بطور مہمان ذی وقار نے افسانوی ادب پر پرمغز گفتگو کر کے ویبینار کو رونق بخشی۔ مشہور و معروف فکشن نگار پروفیسر غضنفر علی نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ مقالہ خوانی کے تین اجلاس تھے جن میں کل 33 مقالہ نگاروں نے بہت ہی دلکش انداز میں اپنے مقالات پیش کیے۔ پروفیسر، ایسوسیئٹ پروفیسر، اسسٹنٹ پروفیسر، لکچرر، ریسرچ اسکالرس یہاں تک کہ بعض محبان اردو جن کا تعلق درس و تدریس سے نہیں ہے لیکن اردو کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں سب کو اس بین الاقوامی پلیٹ فارم پر موقع دیا گیا۔ ڈاکٹر داود محسن، ڈاکٹر واحد نظیر، ڈاکٹر تبسم نقی، ڈاکٹر محمد فرقان، ڈاکٹر شمشاد علی انڈیا، ڈاکٹر شاہدہ فاطمہ، ڈاکٹر عطیق احمد، ڈاکٹر زرنگار یاسمین، ڈاکٹر حنا آفرین، ڈاکٹر شاہینہ پروین، ڈاکٹر حبیب النساء ، ڈاکٹر انوار الحق، غوثیہ سلطانہ صاحبہ (امریکہ)، فریدہ انصاری صاحبہ (قطر)، زینب جومن صاحبہ (موریشس) اور دیگر معزز اسکالرز نے نہایت دلچسپ طریقے سے ناول، افسانہ وغیرہ پر مقالے پیش کیے۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دیلی کے شعبہ اردو سے منسلک پروفیسر انور پاشا نے پہلی نشست کی صدارت کی اور پریم چند کی افسانہ نگاری کو واضح کیا ، جی سی ویمین یونیورسٹی سیالکوٹ پاکستان کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر محمد افضال بٹ نے دوسرے سیشن میں صدر کے فرائض انجام دیے اور جے این یو نء دہلی کے شعبہ فارسی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر اخلاق آہن نے تیسرے اجلاس میں اپنا صدارتی خطبہ پیش کیا اور اردو اور فارسی افسانوی ادب کے تعلقات اور تفرقات پر گفتگو کی۔ ڈاکٹر ساجد ذکی فہمی، ڈاکٹر ثاقب عمران اور ڈاکٹر شاہ نواز فیاض نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ ناہید انٹرنیشنل آن لائن کانفرنس صبح 9 بجے شروع ہوا اور تقریبا 30۔6 بجے شام میں اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی تقریب میں ورلڈ اردو ایسوسئیشن کے چیئرمین اور جے این یو نء دہلی کے اردو پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے بڑے عالمانہ انداز سے کانفرنس کا خلاصہ پیش کیا اور سبھی مقالہ نگاروں کو مبارک باد پیش کی۔ سب سے آخر میں کانفرنس کی کنوینر ڈاکٹر نازیہ بیگم جافو خان نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ٹی کوآرڈینیٹر محمد توحید خان صاحب نے ٹکنیکی سپورٹ دیا۔ ویبینار کے ریکارڈنگس ناہید انٹرنیشنل کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ ناہید انٹرنیشنل اردو ورلڈ موریشس کی جانب سے یہ پہلا آن لائن پروگرام تھا جس کو عوام و خواص نے سراہا۔ موریشس میں اردو کے حوالے سے یہ ویبینار اپنی نوعیت کا پہلا تھا۔ اس کے لئے ناہید انٹرنیشنل اردو ورلڈ موریشس مبارک باد کا مستحق ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا