احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہونے سے وبا ء کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے: ڈاکٹر نوید شاہ
یواین آئی
سرینگر؍؍ہسپتال برائے امراض سینہ و کووڈ 19 سری نگر کے ایک سینئر معالج ڈاکٹر نوید شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی روک تھام کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کرنا کوئی مستقل حل نہیں ہے تاہم احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہونے سے وبا ء کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کورونا کیسز میں اچانک اضافے کی دو وجوہات ہیں ایک لاک ڈاؤن میں نرمی اور دوسرا ہم نے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹنگ شروع کی ہے جس سے روزانہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔موصوف نے یہاں میڈیا کو بتایا: ‘کورونا کیسز میں اضافہ درج ہونے کی دو وجوہات ہیں ایک یہ کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی جس کی وجہ سے لوگ باہر آرہے ہیں۔ دوسرا یہ کہ ہم نے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹنگ شروع کی ہے جس کی وساطت سے روزانہ بنیادوں پر زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کئے جاتے ہیں اور رپورٹ بھی موقع پر ہی تیار کی جاتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ ایک مثبت بات یہ ہے کہ جو پہلے نازک کیسز آتے تھے ان میں کمی واقع ہوئی ہے۔ڈاکٹر نوید شاہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کورونا کا کوئی مستقل حل نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘لاک ڈاؤن کوئی مستقل حل نہیں ہے بلکہ یہ ایک وقتی تدبیر ہے۔ یہ کورونا سے نجات حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں ہے تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے’۔موصوف ڈاکٹر نے کہا کہ انتظامیہ اور محکمہ صحت کورونا کی روک تھام کے لئے اپنا رول ادا کر رہے ہیں اور عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام تر گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے مذہبی لیڈروں کو بھی مہم میں ملوث کیا اور انہیں اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو کورونا کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کی اپیل کی۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے زائد از چالیس ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ایکٹو کیسز کی تعداد زائد از آٹھ ہزار ہے۔ اب تک زائد از ساڑھے سات سو اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ تاہم گزشتہ چند روز کے دوران کورونا کے نئے کیسز میں اچانک اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔