گجر طبقہ کی وزیر اعظم ہند نریندر مودی سے خصوصی مداخلت کی اپیل
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیر میں آباد گجر طبقہ نے وزیر اعظم نرندر مودی سے خصوصی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی سرکاری زبانوں میں گوجری کو بھی شامل کیا جائے ۔انہوںنے کہاکہ یو ٹی میں تیسرا بڑا طبقہ گوجری بولنے والا ہے ۔اس سلسلے میں ٹرائبل ریسرچ اینڈ کلچرل فائونڈیشن کے بینر تلے ایک اجلاس کا انعقاد معروف گجر اسکالر ڈاکٹر جاوید راہی کی قیادت میں منعقد ہو ا جہاں طبقہ کے قلمکار،معززین اور طلباء نے شرکت کی ۔وہیں مقررین نے کہا کہ قبائل گجر طبقہ کے لوگ کشمیری کو سمجھ نہیں سکتے اور گوجری کو سرکاری زبانوں کی فہرست میں شامل کیا جانا چاہئے ۔انہوںنے مزید کہا کہ گوجری وادی کشمیرکی دوسری بڑی زبان ہے ۔وہیں ڈاکٹر جاوید راہی نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ جموں وکشمیر میں تیس لاکھ لوگ گوجری بولنے والے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ گوجری کو اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں پڑھایا جا تا ہے اور کئی ادارو ں نے گوجری کو تسلیم کیا ہے ۔انہوںنے کہا معروف فارسی اسکالر امیر خسرو نے بھی گوجری کو تسلیم کیا ۔موصوف نے کہا کہ سابق گورنر این این ووہرہ ،دو سابق وزرائے اعلیٰ نے بھی وقتاً فوقتاً مرکزی وزارت داخلہ کو گوجری کو آٹھویں شیڈول میں شامل کرنے کیلئے لکھا ۔وہیں ٹی آر سی ایف منتظمیں نے اجلاس میں جانکاری فراہم کی کہ وزیر اعظم ہند، وزیر داخلہ اور ایل جی کو گوجری کو سرکاری زبانوں کی فہرست میں شامل کرنے کیلئے یاداشت بھیجی ہیں۔