ہمارے بیٹے نے کسی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے: اہل خانہ
یواین آئی
سرینگر؍؍جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کے اہل خانہ نے سوشل میڈیا کے ان رپورٹس کو رد کیا ہے جن کے مطابق ان کے بیٹے نے جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہمارا بیٹا ہمارے ساتھ بہ نفس نفیس موجود ہے انہوں نے کسی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے۔بتادیں کہ سوشل میڈیا پر زاہد احمد میر ولد غلام حسن میر ساکنہ پیر پورہ شوپیاں نامی نوجوان کی تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا انہوں نے جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔تصویر میں زاہد احمد میر کا عرف زاہد بھائی بھی لکھا ہوا تھا اور جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت کرنے کی تاریخ بھی لکھی گئی تھی جو 2 ستمبر 2020 بتائی گئی تھی۔شوپیاں پولیس نے اس ضمن میں ایک ٹویٹ میں کہا: ‘زاہد احمد میر ولد غلام حسن ساکنہ پیر پورہ شوپیاں جس کی سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہوئی ہے کہ اس نے جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے، بے بنیاد ہے۔ اس کا اور اس کے والد کا کہنا ہے کہ وہ گھر میں اپنے خاندان کے ساتھ بہ نفس نفیس موجود ہے اور کسی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے’۔شوپیاں پولیس کے اس ٹویٹ کو بعد میں کشمیر زون پولیس نے بھی اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ری ٹویٹ کیا ہے۔