عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں:محمد اشرف میر
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ درجنوں کارکنان نے بدھ کو جموں وکشمیر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں نیشنل کانفرنس لیڈر اور سابقہ ضلع آرگنائزئر بڈگام ماسٹر محمد مقبول، سابقہ کانگریس نائب صدر ضلع بڈگام عبدالغنی سوداگر اور سابقہ نائب صدر این سی پی پروفیسر (ریٹائرڈ)غلام محمد پال بھی شامل ہیں۔ اِن کا پارٹی صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، عبدالمجید پڈر، نور محمد شیخ، منتظر محی الدین، فاروق اندرابی، عرفان نقیب، شوکت غیور اور مشتاق گنائی نے خیر مقدم کیا۔ نئے شامل ہونے والوں نے کہا’’ہمیں جموں وکشمیر اپنی پارٹی کا ایجنڈا عملی لگا جوکہ مساوی ترقیاتی منصوبے پر مبنی ہے۔ ہمارے علاقوں کو انتہادرجے تک نظرانداز کیاگیا اور کم سے کم سہولیات جو کسی بھی مہذب انسانی آبادی کے لئے دستیاب ہونی چاہئے،سے بھی محروم رکھا گیا ، لیکن اب ہمیں پختہ یقین ہے کہ اپنی پارٹی کی زیر ِ قیادت کام کرنے کے دوران ہمارا ضلع کے اندر بھی زندگی کے ہر شعبے میں واضح تبدیلی دیکھنے کو ملے گی ‘‘۔اس موقع پر بولتے ہوئے محمد اشرف میر نے کہاکہ اپنی پارٹی پر اعتماد اور بھروسہ قائم کرنے کے لئے وہ لوگوں کے شکرگذار ہیں، اپنی پارٹی لوگوں کی مشکلات ومسائل کو کم کرنے کے لئے کام کرنے کی وعدہ بند ہے اور اِس کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ چھوڑا جائے گا۔ میر نے کہاکہ ضلع بڈگام خاص طور سے چرار ِ شریف تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور اپنی پارٹی اِس کی جامع ترقی کے لئے ہمیشہ کام کریگی۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آج کی جوائنگ سے ضلع بڈگام میں اپنی پارٹی کیڈر مضبوط ہوگا۔ انہوں نے پارٹی ساتھیوں سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کے روز مرہ مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر جگہ عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں۔