یواین آئی
سرینگر؍؍محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں بدھ سے بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے علاقائی ناظم سونم لوٹس نے بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا: ‘جموں وکشمیر میں 2 اور 3 ستمبر کو ہلکے سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں’۔انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں میں ان دو دنوں کے دوران صبح کے وقت کہیں کہیں درمیانی سے بھاری درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔موصوف ناظم نے کہا کہ جموں وکشمیر میں دن کے درجے حرارت میں کمی واقع ہوگی تاہم لداخ یونین ٹریٹری کے موسمی حالات میں کوئی خاص تبدیلی متوقع نہیں ہے۔ادھر وادی میں منگل کے روز اگرچہ موسم خشک ہی رہا تاہم مطلع دن میں زیادہ تر ابر آلود ہی رہا۔ اس دوران دوپہر کے بعد بیشتر علاقوں میں درمیانے درجے کی ہوائیں بھی چلیں۔ حالیہ بارشوں کی وجہ سے وادی میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے سے گرمی کی شدت کم ہوگئی ہے اور صبح اور شام کے وقت قدرے سردی محسوس کی جاتی ہے۔کسان طبقے سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ دھان کی فصل جو لگ بھگ تیار ہے، کو اب گرمی کی ضرورت ہے بارشوں اور سردی میں اضافہ ہونے سے اس کو نقصان ہونے کے خطرات لاحق ہیں۔