فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) جان بحق
لازوال ڈیسک
نوشہرہ؍؍جموں وکشمیر کی تقسیم وتنظیم نو کے بعد حد متارکہ (لائن آف کنٹرول ) پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی وتنائو کے بیچ اتوار کو برصغیر کی دو ایٹمی طاقتوں کی افواج کے درمیان راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں فوج کا جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) ہلاک ہو گیا۔صوبہ جموں کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) جاں بحق ہوا ہے۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دویندر آنندنے بتایا کہ پاکستان نے اتوار کی آج صبح سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ر اجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں کنٹرول لائن کے ساتھ ساتھ کلسیان ، خنجر ، بھوانی سیکٹروں میں چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا‘۔انہوں نے کہا کہ کلسیان سیکٹر میں ایک فوجی اہلکارگولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر فوجی اسپتال منتقل کردیا گیا ، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔انہوں نے بتایا کہ مقتول فوجی کلسیان سیکٹر کی ایک فارورڈ پوسٹ یعنی اگلی چوکی پر تعینات تھا اور اُسکی شناخت نائب صوبیدار راجویندر سنگھ کے بطور ہوئی ۔۔ دفاعی ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے پاکستان کی طرف کی گئی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا مئوثر جواب دیا۔ایک رپورٹ کے مطابق رواں برس لائن آف کنٹرول اور بین الا قوامی سرحد پر پاکستانی کی جانب سے1790مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئیں ۔دفاعی ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر کی تقسیم وتنظیم نو کے بعد حد متارکہ (لائن آف کنٹرول ) پر پاکستانی فوج بار بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کررہی ہے ،جس کا معقول اور بھر پور جواب دیا جارہا ہے ۔