دیویکااور توی دریاؤں میں آلودگی کا جائیزہ لیا ۔پروجیکٹ کی جگہوں کا برچول معائینہ کیا
لازوال ڈیسک
سرینگر ؍؍وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ، پرسنل عوامی شکایات و پینشن ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج جموں کشمیر کے ضلع اودھمپور میں دیویکا اور توی دریاؤں میں آلودگی کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ یہ میٹنگ بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ دریاؤں کے تحفظ کے قومی منصوبہ کے تحت منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ، ڈپٹی کمشنر اودھمپور ، چیف انجینئر یو ای ای ڈی جموں کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران ، ایجنسیوں ، کنسل ٹینٹ انجینئروں اور ٹھیکیداروں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ قومی اہمیت کا حامل ہے اور وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کئے گئے بڑے مرکزی پروجیکٹوں میں سے ایک ہے ۔ انہوں نے ٹھیکیداروں اور دیگر عمل آوری ایجنسیوں کو پروجیکٹ پر جاری کام میں سرعت لانے کیلئے کہا تا کہ اسے بروقت مکمل کیا جا سکے ۔ پروجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ سے ان دو دریاؤں میں آلودگی کم ہو کر ان کے پانی کا معیار بہتر بنائے گا ۔ انہوں نے افسروں کو پروجیکٹ پر جاری کام کے دوران قریبی تال میل قائم کر کے یومیہ بنیاد پر پروجیکٹ کا جائیزہ لینے کی ہدایت دی اور عمل آوری ایجنسی کو کام کا بہتر معیار قائم رکھنے اور جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی نے کہا کہ پروجیکٹ کو جموں کشمیر کی مختلف دریاؤں کے نشاندہی کئے گئے حصوں میں آلودگی کم کرنے کی کوششوں کو مدد دینے کیلئے منظور کیا گیا اور اس پروجیکٹ پر آنے والی لاگت مرکز اور یو ٹی حکومت برداشت کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کیلئے 186.74 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں جو مرکز اور جموں
کشمیر حکومت 90:10 کی بنیاد پر اٹھائیں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی کام تین زونوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر جگہ پر کام احسن طریقے پر جاری ہے ۔