’ملیریا نو مور انڈیا‘ نے لانچ کیا’بائٹ کو مت لو لائٹ‘ مہم
یواین آئی
نئی دہلی؍؍کورونا کے دوران مچھر سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو نظرانداز نہ کرنے کے تئیں لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے غیرسرکاری تنظیم ’ملیریا نو مور انڈیا‘ نے ملک کے 21 ریاستوں میں’بائٹ مت لو لائٹ‘ مہم کی ابتدا کی ہے ۔غیرسرکاری تنظیم نے آج جاری پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی کہ اس مہم کا ہدف مچھروں سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خطرے کے بارے میں بیداری لانا ہے ۔ اس مہم کا اہم مقصد ہے کہ مچھروں کو کاٹنے کو سنجیدگی سے لیں کیونکہ یہ جان لیوا ہوسکتا ہے ۔چار مہینوں کی یہ بیداری مہم مانسون میں شروع کی گئی ہے جب مچھروں کی افزائش اور انفیکشن عروج پر ہوتی ہے ۔عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) نے اپریل میں یہ اندازہ جاری کیا تھا کہ کووڈ۔19 لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملیریا سے متعلق ضروری پروگراموں میں تاخیر ہونے اور لوگوں کو وقت پر ملیریا کے علاج نہیں کراپانے کی صورت میں اس سال ملیریا سے مرنے والوں کی تعداد دوگنی ہوسکتی ہے ۔ڈبلیو ایچ او نے یہ وارننگ بھی دی تھی کہ ملیریا کے معاملے بڑھنے اور اس کی وجہ سے ہونے والی اموات کا بڑا بوجھ پہلے ہی کووڈ۔19 سے جھیل رہے صحت نظام پر ہوگا۔ڈبلیو ایچ او کی اس وارننگ کے پس منظر میں ہی’ورلڈ موسکیٹو ڈے‘ یعنی یوم عالمی مچھر پر آج اس مہم کی ابتدا کی گئی ہے ۔