’ انتظامیہ کی طرف سے محرم پر کوئی پابندی نہیں‘

0
0

محرم کی مجالس اور ماتمی جلوس حسب روایت منعقد اور برآمد ہوں گے: فیروز خان
لازوال ڈیسک

کرگل؍؍لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر فیروز احمد خان نے کہا کہ ضلع کرگل میں محرم کے جلوسوں اور مجالس پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔ تاہم ان کے بقول اس سال کا محرم مختلف ہوگا اور جلوسوں و مجالس میں محدود افراد ہی شرکت کرسکیں گے۔ قبل ازیں ضلع مجسٹریٹ کرگل بصیر الحق چوہدری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا: ‘کورونا وائرس کے پیش نظر کسی بھی بڑے جلوس کو برآمد ہونے یا مجلس کو منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جلوس برآمد کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ چاہے یہ جلوس محلے کے اندر نکالنے ہو یا تحصیل کی سطح پر’۔ ضلع مجسٹریٹ کے اس بیان پر ضلع کرگل کی مذہبی تنظیموں نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ فیروز خان نے بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا: ‘ہماری دو اہم مذہبی تنظیموں اسلامیہ سکول اور آئی کے ایم ٹی کی پوری ضلع انتظامیہ کے ساتھ آج میٹنگ ہوئی۔ طرفین کی آرا سنی گئیں۔ بالآخر یہ فیصلہ لیا گیا ہے مذہبی تنظیمیں اور انتظامیہ مل کر ایس او پیز بنائیں گے۔ ایک بات میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ انتظامیہ کی طرف سے محرم پر کوئی پابندی نہیں ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘لیکن کورونا وائرس کو دیکھتے ہوئے اس سال کا محرم مختلف ہوگا۔ مجالس اور ماتمی جلوس حسب روایت منعقد اور برآمد ہوں گے۔ میٹنگ میں ڈاکٹر صاحبان بھی موجود تھے۔ ایس او پی ان کی آرا کے مطابق ہی بنیں گے۔ مجالس منعقد ہوں گی لیکن اس میں محدود افراد ہی شرکت کریں گے۔ مجالس کے انعقاد کے دوران ایس او پیز کا بھرپور خیال رکھا جائے گا’۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا