یواین آئی
جموں جموں کے مضافات میں واقع سینک کالونی میں ایک کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس افسر کی مبینہ خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے لئے پولیس نے چھ نفری خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے تاہم مہلوک افسر کے اہل خانہ و دیگر رشتہ دار سی بی آئی کے ذریعے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں۔بتادیں کہ جموں کے مضافات میں واقع سینک کالونی میں منگل کے روز کے اے ایس افسر سشیل کمار آٹری کو اپنے فلیٹ میں پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ سشیل کمار نے خودکشی کرلی ہے۔دریں اثنا ایس ایس پی جموں تیجندر سنگھ نے ایس پی ساﺅتھ ونے کمار کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے اور ٹیم کے دیگر ممبران میں ایس ڈی پی او رویندر سنگھ راہی، ڈی ایس پی سپیشل برانچ زاہد وانی، انسپکٹر روی سنگھ پریہار، انسپکٹر محمد اسلم اور سب انسپکٹر دیپک ٹھاکر شامل ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹیم واقعے سے متعلق اپنی رپورٹ کم سے کم وقت میں پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔ڈی آئی جی کٹھوعہ رینج سرجیت کمار نے بتایا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور معاملے میں مزید تحقیقات کرنے کے لئے رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں۔ادھر آخری رسوم کی ادائیگی کے بعد مہلوک افسر کے اہل خانہ اور دیگر رشتہ داروں نے شاستری نگر علاقے میں احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر مہلوک افسر کے ایک رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ یہ خود کشی نہیں بلکہ قتل ہے لہٰذا ہم چاہتے ہیں کہ اس کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے۔انہوں نے کہا کہ سشیل جی ایک ہونہار، پڑھے لکھے اور اچھے افسر تھے، وہ اپنی فٹنس کا کافی خیال رکھتے تھے اور بڑے افسر بھی تھے، وہ خود کشی نہیں کرسکتے تھے۔مہلوک افسر کے ایک اور رشتہ دار نیک رام کا کہنا ہے کہ سشیل کمار کا کسی نے دلت سمجھ کر قتل کیا ہے۔انہوں نے کہا ‘وہ خود کشی بالکل نہیں کرسکتے تھے، میں انہیں شروع سے جانتا ہوں، وہ بہت اچھے آدمی تھے، کسی نے دلت سمجھ کر ان کا قتل کیا ہے، ان کا قتل ہوا ہے، لہٰذا اس میں سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات ہونی چاہئے’۔ایف سی بھگت نامی ایک احتجاجی نے بھی سشیل کمار کی مبینہ خود کشی کو قتل سے ہی تعبیر کیا ہے۔انہوں نے کہا ‘ایسی عمر میں ایسا افسر، پڑھا لکھا بھی ہو اور سروس میں بھی ہو، یہ قتل ہے۔ اگر یہاں افسروں کا اسی طرح قتل ہوگا تو عام آدمی کا کیا ہوگا’۔قابل ذکر ہے کہ سشیل کمار سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر آئی سی ڈی سی کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔قبل ازیں انہوں نے جموں میں محکمہ سیاحت میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دی تھیں