دیہی سڑک رابطوں کو مستحکم بنانے اور پسماندہ بلاکوں کی نشاندہی کریں: لیفٹیننٹ گورنر
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج بیک ٹو ولیج پروگراموں کی عمل آوری کی ہدایت دی ۔عوام کے بے پناہ ردِّعمل کو مد نظر رکھتے ہوئے اُنہوں نے بیک ٹو وِلیج پروگرام کے تیسرے مرحلے کو شروع کرنے کی ہدایت دی جس کا اِنعقاد ماہ اکتوبر میں متوقع ہے۔اُنہوں نے کہا کہ عوام تعمیر کئے گئے کاموں سے معیار کو جانچنے کے حتمی منصف ہے اور اَفسروں کو ا ن کی جانب سے بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوسرے مرحلے کے دوران پیش کی گئی مانگوں کو تیسرا مرحلہ شروع کرنے سے پہلے پوری کی جائیں۔لیفٹیننٹ گورنر آج یہاں راج بھون میں بیک ٹو وِلیج پروگرام کے تحت کاموں کی عمل آوری کا جائزہ لے رہے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر کے دیہات کی معاشی و معاشرتی ترقی کے لئے سڑک رابطہ سہولیات کو مستحکم بنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے تمام دیہا ت کے سڑک رابطوں او رنل کے ذریعے پانی فراہم کرنے کے عمل پر سرعت لانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی کلہم ترقی کے لئے سڑک ، بجلی او رپانی بنیادی لوازمات ہیں۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو پی ایم جی ایس وائی کے قواعد و ضوابط کے تحت آنے والے تمام دیہات کے لئے سڑک رابطہ سہولیات کی فراہمی کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کرنے کے لئے کہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ جل شکتی کے سیکرٹری کو مارچ 2022ء تک جل جیون مشن کے تحت نل کے ذریعے پانی کی فراہمی کی ہدف کی صد فیصد حصولیابی کے لئے ہرممکن قدم اُٹھانے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی کو دیہی پنچایتوں میں سازو سامان او ردیگر سہولیات کا انونٹریز اور ڈیٹا بیس تیار کرنے اور عوام کی جانکاری کے لئے بیک ٹو وِلیج کاموں کے بارے میں تازہ ترین تفصیل ویب پورٹل پر دستیاب رکھنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے پسماندہ ترین بلاکوں کی نشاندہی کر نے کی بھی ہدایت دی تاکہ اُنہیں ایسپریشنل ڈسٹرکٹ کے خطوط پر ترقی دی جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے عوام کے اِستفادہ کے لئے مرکزی معاونت والی سکیموں کی صدفیصد عمل آوری پر زور دیا
اور ہر پنچایت میں استدقاق طریقۂ کار کے تحت کھیل میدان قائم کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے مویشیوں کی ٹیکہ کاری میں تیزی لانے پر بھی زور دیا کیوں کہ جموںوکشمیر اِس شعبے میں کافی پیچھے ہے۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی اور منصوبہ بندی بورڈوں کی تشکیل کے لئے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔بیک ٹو وِلیج پروگراموں کے تحت عمل میں لائے گئے کاموں کا مفصل جائزہ لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ 81کروڑ روپے کی لاگت سے 4097کام مکمل کئے گئے ہیںجبکہ 51کروڑ روپے کی لاگت سے 1405کام زیر تعمیر ہیں۔ اِس کے علاوہ 14ویں مالی کمیشن کے تحت پنچایتوں کے حق میں 1400کروڑ روپے کی رقم واگزار کی گئی ہے ۔میٹنگ میںلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر،لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان، چیف سیکرٹری بی وی سبھرامنیم ،پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ روہت کنسل،سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی و نگرانی و جل شکتی ایم راجو سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی اور پنچایت راج شتیل ننداکے علاوہ اعلی اَفسران نے شرکت کی۔