جموں وکشمیر حکومت کرونا وارئرس کو اضافی مدد فراہم کرنے پر غور کررہی ہے: لیفٹیننٹ گورنر
ایل جی نے ہیلتھ ورکرز ، فرنٹ لائن کرونا وارئرس کی کوششوں کی سراہنا کی
لازوال ڈیسک
سرینگر ؍؍ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں و کشمیر میں کووڈ19 وبائی مرض کی روک تھام میں ہیلتھ ورکرز اور فرنٹ لائن کرونا وارئرس کے نمایاں کردار ادا کرنے کے لئے کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ کرونا وارئرس مہلک وائرس کے خلاف جنگ میں جو اہم کردار ادا کررہے ہیں اس کو تسلیم کرنے کے لئے جموں وکشمیر حکومت 50 لاکھ روپے کے موجودہ انشورینس کور کے علاوہ ان کو اضافی مدد فراہم کرنے پر غور کررہی ہے۔واضح رہے لیفٹیننٹ گورنر ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں یو ٹی حکومت کی طرف سے کئے گئے موثر اقدامات اور جموں و کشمیر میں کووڈ19 کنٹرول کی کوششوں سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر مشیرراجیو رائے بھٹ نگر ، بی وی آر سبراہمنیم چیف سکریٹری اور اٹل ڈلو ، فنانشل کمشنر ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے اجلاس میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو مشورہ دیا کہ وہ مذہبی رہنماؤں اور ممتاز شخصیات کو شامل کریں تاکہ ماسک پہننے کی اہمیت ، سماجی دوری اورکووڈ19 کی روک تھام سے متعلق رہنما خطوط اور مشوروں پر عمل پیرا ہونے کے بارے میں بیداری پیدہ کی جائے ۔اس دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افراد سے کہا کہ وہ COVID19 صورتحال کی روک تھام کے انتظام کے لئے مرکزی اور یو ٹی حکومت کی طرف سے جاری کردہ تمام ایس او پیز کے مکمل طور پر عمل درآمد کو یقینی بنائے ۔انہوںنے کشمیر صوبے میں معاملات میں اضافے کو نوٹ کرتے ہوئے مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لئے سری نگر ، بارہمولہ اور پلوامہ جیسے اعلی انفیکشن ریٹ والے اضلاع پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اموات کی شرح کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کے علاوہ بحران کے دوران مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے آکسیجن کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے آروگیا سیتو ایپ کی 100فیصد کوریج اور کووڈ 19 کی صورتحال کے جامع اور ہموار انتظام کے لئے قرنطینہ اور آئیسولیشن مراکز میں دستیاب سہولیات کی باقاعدہ معیار کی جانچ پڑتال کرنے پر زور دیا۔