غریب مزدور کا ایک بیٹا کینسر کی نذر، دوسرا ہیموفیلیا سے بر سر پیکار
ہر ماہ علاج کے لیے کثیر رقم درکار ہوتی ہے، ذی حیثیت لوگوں سے نظر کرم کی اپیل
محمد اشفاق
ٹھاٹھر ی ؍؍مصیبت کبھی تنہا نہیں آتی” یہ محاورہ اشپال سنگھ کے لیے محض محاورہ نہیں بلکہ تلخ حقیقت کی حیثیت رکھتا ہے۔ مزدور پیشہ شخص اشپال سنگھ بخوبی جانتا ہے کہ اولاد کی تکلیف کا انسان کے اوپر کتنا بوجھ پڑتا ہے۔ کیوں کہ وہ دیکھ چکا ہے اور اسے تجربہ ہو چکا ہے کہ اولاد جب رات کو درد سے تڑپ رہی ہوتی ہے تو ماں باپ کی نیند بھی رفو چکر ہو جاتی ہے۔اشپال سنگھ نے اپنے آنسوؤں کو آستین سے پونچھتے ہوئے لرزتے ہوئے ہونٹوں سے چند بے ربط الفاظ منہ سے نکالے اور باقی کی داستاں اس کی اور اس کی اہلیہ کی گردش زمانہ کے سینکڑوں ستم دیکھ چکی آنکھوں نے بیان کر دی۔ اشپال سنگھ کے منہ سے بس ایک ہی جملہ ادا ہو پایا ” جناب میں کام کرنے کے باوجود بھی بے کار ہوں کیوں کہ میں اپنی اولاد کے لیے کسی کام کا نہیں۔کیونکہ جو میں کماتا ہوں وہ بس گھر کے باقی اخراجات کی نذر ہو جاتا ہے ۔ اور رستے ہوئے خون کی بیماری کے شکار اپنے بیٹے ارجن سنگھ کو علاج و معالجے کے لیے کہیں نہیں لے جا سکتا ہوں۔اس کے آگے اس کی جواں آنکھوں سے چھلکنے والے آنسوں نے وہ سب کچھ بتا دیا جسے قلم صفحہ قرطاس پر منتقل کرنے سے قاصر ہے۔ضلع ڈوڈہ کی تحصیل گندو کے علاقے بسران کے ایک گاؤں ٹانٹلی سے تعلق رکھنے والا اشپال سنگھ پیشے سے دہاڑی دار مزدور ہے ،کچھ عرصے تک اسے کے گھریلوں حالات صحیح ڈگر پر چل رہے تھے اور وہ اپنے بیوی بچوں کے ساتھ خوشگوار زندگی بسر کر رہا تھا۔ لیکن اچانک اس کا ایک بیٹا نو ماہ کی عمر میں ہی سرطان کے ظالم شکنجے میں پھنس کر موت کا شکار ہو گیا ،اور اب دوسرا اور اکلوتا بیٹا ارجن ہیموفیلیا کا شکار ہے، ارجن کے علاؤہ اشپال سنگھ کی دو کمسن بیٹیاں بھی ہیں۔ ارجن سنگھ کا علاج و معالجہ ایس ایم جی ایس جموں میں چل رہا ہے لیکن ہر ماہ جموں کا سفر کرنے کے لیے اسے کثیر رقم کی ضرورت ہوتی ہے جو اشپال سنگھ جیسے شخص کے لیے ناممکنات میں سے ہے۔ضلع ڈوڈہ کے معروف سماجی کارکن فرید احمد نائک نے صاحب حثیت اور اور رؤسا سے اشپال سنگھ کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کی، اس کی مدد کرنے کے لیے مخیر حضرات براہ راست اس کے بنک کھاتے میں رقومات منتقل کر سکتے ہیں۔اشپال سنگھ کی مالی معاونت کے خواہشمند حضرات اس کے بنک اکاؤنٹ زیر نمبر 0573040860003609 آئی ایف ایس سی کوڈ JAKA0CHANGA میں منتقل کر کے انسانیت کی بہترین انداز میں خدمت کر سکتے ہیں۔