یواین آئی
سرینگر؍؍ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں اتوار کی شام مشتبہ جنگجوؤں نے ایک فوجی جوان کو مبینہ طور پر اغوا کر کے اس کی گاڑی کو نذر آتش کردیا ہے۔ادھر مغوی فوجی جوان کے اہل خانہ نے پیر کے روز اغواکاروں سے ان کی رہائی کی اپیل کی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے دمہال ہانجی پورہ کے نزدیک جنگجوؤں نے ٹریٹوریل آرمی سے وابستہ ایک فوجی جوان کی گاڑی روکی۔انہوں نے کہا کہ جنگجوؤں نے مبینہ طور پر فوجی جوان کو گاڑی سے نیچے اتار کر اغوا کیا اور اس کی گاڑی کو موقع پر ہی نذر آتش کر دیا۔مغوی فوجی جوان کی شناخت شاکر منظور ولد منظور احمد وگے ساکنہ ہرمین شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔ایک رپورٹ میں ایک سینئر پولیس عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مغوی فوجی جوان کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے۔دریں اثنا مغوی فوجی جوان کے اہل خانہ نے اغوا کاروں سے ان کی رہائی کی اپیل کی ہے۔مغوی جوان کے ایک قریبی رشتہ دار نے میڈیا کی وساطت سے شاکر منظور کی رہائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جس کسی نے بھی اٹھایا ہے وہ مہربانی کر کے اس کو رہا کرے۔ان کا کہنا تھا: ‘ان کی ڈیوٹی یہاں پاس میں ہی تھی گذشتہ روز وہ ڈیوٹی پر جارہے تھے تو کسی نے اس کو راستے میں ہی اٹھایا، ہم اس کی طرف سے معافی مانگ رہے جس کسی نے بھی اٹھایا ہے مہربانی کر کے وہ اس کو رہا کرے، اس کی چار بہنیں اور بوڑھے والدین ہیں’۔