کرگل جنگ میں لداخیوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا: آر کے ماتھر
یواین آئی
لیہہ؍؍لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر رادھا کرشن ماتھر نے کرگل وجے دیوس کی مناسبت سے کہا ہے کہ یہ دن صرف لداخ کے لئے ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرگل جنگ کے دوران لداخ کے لوگوں کی بے لوث قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔موصوف گورنر نے ان باتوں کا اظہار یہاں ستوپا میں جنگی یادگار پر پھول مالا چڑھانے کی تقریب کے حاشئے پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا: ‘یہ دن صرف لداخ کے لوگوں کے لئے ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں اس دن ایک طرف بھارت کی فتح پر خوشی ہے اور دوسری طرف اپنے فوجی افسروں اور جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے اس دن قربانیاں پیش کیں’۔موصوف نے کہا کہ اس جنگ کے دوران لداخ کے لوگوں کی بے لوث قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ کرگل وجے دیوس کے موقع پر ملک کے گوشہ وکنار میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا تھا اور اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب لداخ میں منعقد کی جاتی تھی لیکن امسال وہ سب تقریبات کورونا کی نذر ہوئیں۔بتادیں کہ 26 جولائی 1999 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے تین مہینوں پر محیط کرگل جنگ کے دوران کم سے کم 527 بھارتی فوجیوں نے قربانی پیش کی تھی۔دراس میں قائم کرگل جنگ یادگار پر قریب پانچ سو سنگ مزار نصب ہیں جن پر قربانی پیش کرنے والے فوجی جوانوں کے نام کنندہ ہیں۔