پن بجلی پروجیکٹوں پر کام شروع کرنے کیلئے زیر اِ التوا لوازمات میں تیزی لائیں:اعجاز احمد خان
لازوال ڈیسک
ریاسی؍؍جموں وکشمیر میں روزگار کے مواقعے پیدا کرنے اور مالی استحکام کے لئے جموں وکشمیر اپنی پارٹی سنیئرلیڈر اور سابقہ وزیر اعجاز احمد خان نے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو سے اپیل کی ہے کہ نیشنل ہائیڈرو الیکٹریک پاور کارپوریشن (این ایچ پی سی)سے سلال پاور پروجیکٹ واپس لیاجائے تاکہ بے روزگارنوجوانوں کو بہتر مستقل روزگار مل سکے۔ایک پریس بیان میں سابقہ وزیر اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ یوٹی میں دہائیوں سے چلائے جارہے بجلی پروجیکٹوں کے حقوق واپس جموں وکشمیر حکومت کے پاس لائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاسی، رام بن اور وادی ِ چناب میں کئی پن بجلی پروجیکٹ چلنے کے باوجود صوبہ جموں کے متعدد علاقہ جات میں غیر متوقع بجلی کٹوتی کا سامنا ہے۔ جموں وکشمیر حکومت کے ماتحت 1865میگاواٹ صلاحیت والا ساول کوٹ پن بجلی پروجیکٹ 21ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرکیاجانا ہے ۔متعلقہ محکمہ کی طرف سے کی جارہی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعجاز خان نے کہاکہ یہ معاملہ جموں و کشمیر پاور ڈولپمنٹ کارپوریشن (جے کے پی ڈی سی) کی گورننگ باڈی (بورڈ میٹنگ) میں فنڈنگ اور تعمیرسے متعلق فیصلہ کے لئے پیش کیاجاناتھالیکن بدقسمتی سے بورڈ کے اجلاس کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ انتظامیہ کو ذاتی طور پر مداخلت کرنی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا جائے کہ جموں و کشمیر میں ساول کوٹ اور دیگر زیر التوا منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیاجائے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ جموں وکشمیر حکومت کو یونین ٹیراٹری کے صارفین کو سستے داموں بجلی مہیا کرائی چاہئے جہاں سے بجلی پیدا کرکے دوسری ریاستوں کو سپلائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ساول پروجیکٹ پر کام شروع ہونا چاہئے، اگر چہ اراضی حاصل کر لی گئی ہے لیکن ابھی تک پروجیکٹ پر تعمیر شروع نہیں ہوئی۔ اگر یہ پروجیکٹ مکمل ہوجائیں تو اِس سے اُن علاقہ جات کی ترقی ہوگی جہاں یہ قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انس دھرماڑی ضلع ریاسی میں پن بجلی پروجیکٹ جس کی صلاحیت 23میگاواٹ ہے پی ایم ڈی پی کے تحت منظور کی گئی ہے جوکہ ابھی ٹینڈرنگ عمل زیر غور ہے۔ اس کی پروجیکٹ کی لاگت357کروڑ کے آس پاس ہونی ہے لیکن ابھی کنٹریکٹ کمیٹی کواِس پر حتمی فیصلہ لینا ہے۔ اہم پروجیکٹوں پر کام کی سست رفتاری سے پروجیکٹ کی لاگت بڑھ جاتی ہے۔ ضلع ریاسی کے بلاک ارناس میں بڈا سلال میں ہوا توانائی پروجیکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سابقہ وزیر نے کہاکہ زمین منتقلی کا معاملہ این ایچ پی سی کے پاس التوا میں پڑا ہے جس کو جلد سے جلد حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پروجیکٹ پر کام شروع ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر حکومت کی جے اے کے ای ڈی اے ونگ کی طرف سے بڈا سلال میں ونڈ انرجی پروجیکٹ کے لئے سروے مکمل کر لیاگیاہے