واقعہ کے بعد ضلع انتظامیہ سنجیدہ ، دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں میں نہانے اور تیراکی پر تا حکم ثانی پابندی عائد
پیر ہلال
اننت ناگ ؍؍جنوبی ضلع اننت ناگ کے کھرم سرہامہ علاقے میں اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب نہانے کے دوران بکروال طبقہ سے وابستہ دو کمسن بچے مقامی نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ اس دوران جونہی دونوں کمسن بچوں کی نعشیں بر آمد کر لی گئی تو علاقے میں قیامت صغری بپا ہوئی۔ ادھر ضلع انتظامیہ نے واقع کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے دریائے جہلم اور دیگر نالوں میں نہانے یا تیراکی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔نمائندے کو اس ضمن میں ملی تفصیلات کے مطابق اننت ناگ کے کھرم سرہامہ علاقے میں جمعہ کی صبح اس وقت کہرام مچ گیا جب مقامی دادی نہر میں نہانے کے دوران دو کمسن بچے غر قاب ہو کر لقمہ اجل بن گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ دیگر بچوں کے ساتھ بکرال طبقے سے وابستہ دو کمسن بچے جس کی شناخت ابرار احمد گلان اور وسیم احمد بجاڈ کے بطور ہوئی ہے اور دونوں کی عمر12سال کی تھی بھی مقامی نہر میں گرمی کی تپش سے بچنے کیلئے نہا رہے تھے جس دوران اچانک وہ دادی نہر میں ڈوب گئے اور جونہی اس کی اطلاع موصول ہوئی تو پولیس کی ایک پارٹی جائے مقام پر پہنچ گئی۔اس بیچ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے بچوں کی بازیابی کا کام شروع کیا اور کافی مشقت کے بعد دونوں کو پانی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔اس دوران جونہی دونوں بچوں کی نعشیں آبائی علاقے میں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا جبکہ ان کے والدین پر قیامت کے پہاڑ ٹوٹ پڑے اور علاقے میں ہر آنکھ نم اور ہر دل رنجیدہ نظر آ رہا تھا۔ ادھر ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں میں نہانے اور تیراکی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کی جانب سے جاری کر دہ ایک حکمنامہ کے مطابق غر قابی کے واقعات کے دوران انسانی جانوں کے زیاں کے پیش نظر یہ حکمنامہ جاری کردیا۔حکمنامک کے مطابق ضلع اننت ناگ میں دریائے جہلم کے ساتھ ساتھ دیگر ندی نالوں میں تاحکم ثانی نہانے اور تیراکی پر تاحکم ثانی پابندی عائد رہے گی جبکہ پولیس ، سول انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی کے افسران اس حکمنامہ پر من و عن عمل در آمد کرانے کیلئے نظر گزر رکھیں گے۔