بی جے پی لیڈر کی رہائی

0
0

بیٹی نے پولیس اور اغوا کاروں کا شکریہ ادا کیا
یواین آئی

سرینگر؍؍شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں مبینہ طور پر اغوا ہونے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر کی بیٹی نے اپنے والد کی رہائی پر پولیس اور اغوا کاروں دونوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔بتادیں کہ بارہمولہ میں بدھ کی صبح نامعلوم افراد نے بی جے پی کے لیڈر اور میونسپل کمیٹی وترگام رفیع آباد کے وائس چیئرمین معراج الدین ملہ کو اغوا کیا تھا تاہم بعد میں شام دیر گئے وہ صحیح سلامت گھر واپس پہنچے۔موصوف لیڈر کی بیٹی ہادیہ معراج نے اپنے والد کی صحیح سلامت گھر واپسی پر پولیس اور انہیں اٹھانے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘ہم سب گھر والے بہت ہی خوش ہیں کہ ہمارے پاپا گھر واپس آئے، ہم پولیس اور انہیں اٹھانے والوں کے شکر گذار ہیں’۔قبل ازیں ہادیہ نے اپنے والد کی رہائی کی اپیل کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ جس کسی نے بھی میرے والد کو اٹھایا ہے ان سے گزارش ہے کہ وہ انہیں واپس کریں۔انہوں نے کہا تھا: ‘معلوم نہیں ہے کہ میرے پاپا کو اغوا کیا گیا ہے یا ان کے ساتھ کیا ہوا ہے، کوئی ان کو اٹھا کے لے گیا ہے۔ مہربانی کر کے ہماری امانت واپس لوٹا دیں۔ میں آپ سے بھیک مانگتی ہوں۔ ہمارے پاس ان کے سوا کوئی بھی نہیں ہے وہ ہی ہمارا واحد سہارا ہیں’۔مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں گذشتہ شام دیر گئے کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے کہا گیا تھا: ‘مغوی شخص کو بچا لیا گیا ہے’۔ تاہم آئی جی پی موصوف یا پولیس نے مزید تفصیلات دینے سے انکار کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ معراج الدین بدھ کی شام بحفاظت گھر لوٹ آئے تاہم انہیں اغوا کاروں نے مبینہ طور پر پیٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سے پولیس بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔بارہمولہ میں بی جے پی لیڈر کے اغوا کا واقعہ پڑوسی ضلع بانڈی پورہ میں پارٹی کے لیڈر وسیم باری، ان کے والد اور بھائی کی ہلاکت کے ایک ہفتے بعد پیش آیا ہے۔ قصبہ بانڈی پورہ میں 8 جولائی کی شام کو جنگجوؤں نے بی جے پی کے ضلع صدر شیخ وسیم باری، ان کے والد بشیر احمد اور بھائی عمر بشیر پر گولیاں برسائی تھیں جس کے نتیجے میں ان تینوں کی موت واقع ہوئی تھی۔وادی کشمیر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران اور کارکنوں کی شکایت ہے کہ انہیں سیکورٹی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ بعض کی یہ بھی شکایت ہے کہ ان کے ساتھ سیکورٹی اہلکار مامور تھے لیکن پی ڈی پی – بی جے پی اتحاد ختم ہونے کے بعد ان سے یہ سیکورٹی واپس لی گئی۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو، جنہوں نے اتوار کو قصبہ بانڈی پورہ میں مہلوک بی جے پی لیڈر کے گھر والوں سے ملاقات کی، نے اس موقع پر انتظامیہ سے بی جے پی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا