لیڈران رضاکارانہ طور قرنطینہ میں گئے ۔کوویندر گپتا، ان کے اہل خانہ، ضلع صدور اور دیگر پارٹی لیڈروں کا بھی ٹیسٹ کیا گیا
یواین آئی
سرینگر؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یہاں جواہر نگر اور جموں کے ترکوٹہ نگر علاقوں میں واقع پارٹی کے مرکزی دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔پارٹی کے سری نگر دفتر کے میڈیا انچارج منظور احمد بٹ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ دفتر کو بند کردیا گیا ہے اور پارٹی لیڈران رضاکارانہ طور قرنطینہ میں گئے ہیں اور ان کے ٹیسٹ بھی کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں بھی جو پارٹی کارکن موصوف صدر کے رابطے میں آئے تھے ان کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے اور وہ بھی قرنطینہ میں رضاکارانہ طور پر چلے گئے ہیں۔دریں اثنا جموں کے ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر بھی بند کردیا گیا ہے۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ سابق نائب وزیر اعلیٰ اور سینئر بی جے پی لیڈر کوویندر گپتا، ان کے اہل خانہ، ضلع صدور اور دیگر پارٹی لیڈروں کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے اور انہوں نے اپنی سرگرمیاں محدود کر دی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی صدر کی سرکاری رہائش گاہ کے داخلی راستوں کو خار دار تار سے بند کردیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ رویندر رینہ کا منگل کے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں واقع نارائنا سپر سپیشلٹی ہسپتال منتقل کر کے وہاں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔اتوار کو بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، بی جے پی کے قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ اور رویندر رینہ نے بانڈی پورہ کا دورہ کر کے وہاں مہلوک بی جے پی لیڈر شیخ وسیم باری کی اہلیہ اور دیگر افراد خانہ سے تعزیت کی تھی۔