جموں میں عارضی ملازمین کا نوکریوں کی مستقلی کے لئے احتجاج
لازوال ڈیسک
جموں؍؍مختلف سرکاری محکموں میں کام کر رہے عارضی ملازموں نے بدھ کے روز یہاں جموں و کشمیر کیجول لیبر یونائیٹڈ فرنٹ کے بینر تلے نوکریوں کی مستقلی کے لئے احتجاج کیا۔ احتجاجی ‘محنت ہماری، لوٹ تمہاری’ جیسے نعرے بلند کر رہے تھے۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ احتجاج یونین ٹریٹری انتظامیہ کو ہماری نوکریاں مستقل کرنے کے لئے ایک اور یاد دہانی ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہم فرنٹ کے مختلف محکموں کے صدور آج یہاں احتجاج کر رہے ہیں، یہ احتجاج سرکار کو ایک اور یاد دہانی ہے کہ ہماری نوکریوں کو مستقل کیا جائے’۔موصوف نے کہا کہ اس سے قبل ہم نے 48 گھنٹوں کی ہڑتال کی تھی لیکن اس کا کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔انہوں نے کہا: ‘ہم نے اس سے پہلے 48 گھنٹوں کی ہڑتال کی تھی جس کے بعد لیفٹیننٹ گورنر صاحب نے بیان دیا تھا کہ شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والے عارضی ملازموں کی مستقلی کے لئے ایک سوشل سیل بنائی جائے گی جبکہ دیہی علاقوں سے وابستہ عارضی ملازموں کو پنچایتوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا لیکن بیس روز بیت گئے ہمارے سامنے کوئی روڈ میپ نہیں لایا گیا’۔موصوف احتجاجی نے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو سے اپیل کی کہ وہ عارضی ملازموں کی نوکریوں کی مستقلی کے لئے فوری اقدام کریں۔