یواین آئی
سری نگر؍؍سرکاری مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) سری نگر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی کے ایک ملازم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود بھی متعلقہ حکام نے ان کے رابطے میں آنے والے دیگر ملازموں کی کوئی ٹریسنگ اور ٹیسٹنگ کی نہ ہی ایکسچینج روڑ پر واقع کمپنی کمپلیکس کی سینیٹائزیشن کرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ ملازم کے کورونا ٹیسٹ کو مثبت آئے قریب ایک ہفتہ گذر گیا ہے لیکن ہمارے ہاں اب تک متعلقہ حکام کی طرف سے کوئی بھی نہیں آیا اور نہ کسی عمارت کو ریڈ زون قرار دیا گیا۔ بی ایس این ایل کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہمارے ایک ملازم کا گذشتہ ہفتے کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن ابھی تک یہاں باقی ملازموں کا ٹیسٹ کرنے کے لئے کوئی نہیں آیا۔انہوں نے کہا: ‘ہمارا ایک ملازم جو مہاراشٹر سے آیا ہے، کا یہاں ہوائی اڈے پر ٹیسٹ کیا گیا جس کی رپورٹ جمعے کو مثبت آئی لیکن ابھی تک یہاں سرکار کی طرف سے باقی ملازموں کی ٹریسنگ اور ٹسیٹنگ کے لئے کوئی نہیں آیا’۔موصوف نے کہا کہ متاثرہ ملازم نے ہوائی اڈے پر ٹیسٹ کرانے کے بعد سیدھے دفتر پہنچ کر ڈیوٹی جوائن کی جہاں اس کا دوسرے ملازموں کے ساتھ رابطہ بھی ہوا بلکہ انہوں نے کینٹین میں اپنا پلیٹ بھی دوسروں کے ساتھ شیئر کیا۔انہوں نے کہا کہ حکام کی طرف سے کمپنی کمپلیکس کی سینیٹائزیشن بھی نہیں کی گئی اور نہ ہی دوسرے ضروری احتیاطی اقدام کئے گئے۔کمپنی کے بل کلیکشن سینٹر کے بند ہونے کے حوالے سے موصوف نے بتایا کہ وہ کھلا ہے اور لوگ اپنی بلیں جمع کررہے ہیں۔ دریں اثنا یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ بدھ کو صبح کے وقت بی ایس این ایل کا بل کلیکشن سینٹر بند تھا لیکن اس کو پھر دوپہر کے وقت کھول دیا گیا جس کے بعد وہاں انتظار میں بیٹھے صارفین نے اپنی بلیں جمع کیں۔