جواہر نگر، وارڈ نمبر 10،کھیورہ اور مدینہ کالونی ریڈ زون قرار
عمرارشدملک
راجوری؍؍ ضلع راجوری کے مختلف علاقوں میں جمعہ کے روز 51 مثبت رپورٹوں میں 36 کی کوئی سفری تفصیلات نہیں ہے۔ ان 36 کیسوں میں 16 کا تعلق بدھل کے دراج گاؤں سے ہے جہاں پہلے سے 20 مثبت کیس پائے گے تھے۔ وہیں پریشان کرنے والے 11 مثبت معاملات راجوری میونسپل قصبہ میں سامنے آئے ہیں جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے راجوری قصبہ کو سختی کے ساتھ لاک ڈاؤن کر دیا۔ جبکہ اولڈ سٹی کو پہلے سے ہی لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا۔ ضلع انتظامیہ کی طرف سے راجوری قصبہ کے جواہرنگر ، وارڈ نمبر دس، کھیورہ اور مدینہ کالونی کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے ۔اور اس کے علاوہ کچھ مقامات کو پہلے سے ہی ریڈ زون میں رکھا گیا ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد نظیر شیخ نے بتایا کہ حالات پر پوری نظر ہے اور سخت پابندیاں عائد کر کے لوگوں کو عالمی وباء سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ کو مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور آئندہ دنوں میں بھی لاک ڈاؤن رکھا جائے گا اور ادوایات کی دوکانوں کو ایک یا دو دن تک کھول دیا جائے گا ۔اور اس علاوہ روز مرہ کی ضروریات کو بھی پورا کرنے کے لئے کنٹرول روم کو ایک بار پھر سے شروع کر دیا گیا ہے تاکہ عوام پریشان نہ ہو ۔