، ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں: متحدہ مجلس علما جموں وکشمیر
سری نگر//جموں و کشمیر میں درجنوں مذہبی، سماجی اور تعلیمی تنظیموں پر مشتمل اتحاد ‘متحدہ مجلس علما جموں وکشمیر’ نے لوگوں سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ حالات کی سنگینی کو سمجھیں اور انتہائی مجبوری اور ناگزیر حالات میں ہی ماسک کا استعمال کر کے، سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ہی اپنے گھروں سے نکلنے کی کوشش کریں کیونکہ یہی ایک واحد راستہ ہے جس پر عمل کر کے وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکتا ہے۔
مجلس علما نے کہا ہے کہ یہ بات انتہائی حیران کن ہے کہ ایک طرف اجتماعات، عبادت گاہوں اور مساجد میں مذہبی اجتماعات کے انعقاد پر پابندی ہے جبکہ دوسری طرف باغات، پارکوں اور سیاحتی مقامات کھول دیے گئے ہیں اور عوام کا ایک طبقہ ممکنہ خطرات سے غافل ہو کر سیر و تفریح میں لگے ہیں اور خود اس طرح خود اپنے آپ اور اپنے کنبے کے لئے خطرات کو دعوت دے رہے ہیں۔
متحدہ مجلس علما، جس کی قیادت نظربند حریت رہنما میرواعظ مولوی عمر فاروق کررہے ہیں، میں شامل تمام دینی، تعلیمی، سماجی اور ملی اہم اکائیوں انجمن اوقاف جامع مسجد، دارالعلوم رحیمیہ، مسلم پرسنل لاء بورڈ، انجمن شرعی شیعان، جمعیت اہلحدیث، جماعت اسلامی، کاروان اسلامی، اتحاد المسلمین، انجمن حمایت الاسلام، انجمن تبلیغ الاسلام، جمعیت ہمدانیہ، انجمن علمائے احناف، دارالعلوم قاسمیہ، دارالعلوم بلالیہ، انجمن نصرة الاسلام، انجمن مظہر الحق، انجمن ائمہ و مشائخ کشمیر، مسلم وقف بورڈ، دارالعلوم نقشبندیہ، دارالعلوم رشیدیہ، اہلبیت فاﺅنڈیشن، مدرسہ کنز العلوم، پیروان ولایت، اوقاف اسلامیہ کھرم سرہامہ، انجمن تنظیم المکاتب، محمدی ٹرسٹ اور دیگر جملہ معاصر دینی، ملی، سماجی اور تعلیمی انجمنوں نے جمعے کو ایک تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔