مرکزی سرکار جموں و کشمیر کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے: راجناتھ سنگھ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مرکزی سرکار جموں و کشمیر کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر اور یہاں تعینات مسلح فورسز کے لوگوں کے لئے کئی ترقیاتی کام پائپ لائن میں ہیں جن کا مقررہ وقت پر اعلان کیا جائے گا۔موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو صوبہ جموں کے سرحدی علاقوں میں بارڈر روڈس آرگنائزیشن کی جانب سے تعمیر کئے گئے چھ پلوں کا نئی دہلی سے الیکٹرانک افتتاح کرنے کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، رکن پارلیمان جگل کشور شرما، چیف آف آرمی سٹاف جنرل ایم ایم ناروانے، سکریٹری دفاع اجے کمار، بارڈر روڈس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل لفٹیننٹ جنرل ہرپال سنگھ بھی تھے۔وزیر دفاع نے سرحدی علاقوں میں تعمیر کئے گئے ان پلوں کا افتتاح اس وقت کیا ہے جب حقیقی کنٹرول لائن پر ہندوستان اور چین کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہماری سرکاری جموں و کشمیر کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ جموں و کشمیر اور آرمڈ فورسز کے لوگوں کے لئے کئی ترقیاتی کام پائپ لائن میں ہیں جن کا مقررہ وقت پر اعلان کیا جائے گا’۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ جموں میں ایک ہزار کلو میٹر لمبی سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے جو عنقریب مکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود بھی بارڈر روڈس آرگنائزیشن کو وسائل دستیاب رکھنے میں کوئی کمی نہیں لائی جائے گی اور اس کے ساتھ وابستہ انجینئروں اور دوسرے لوگوں کی بہبودی کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا۔بی آر او کو ریکارڈ وقت میں پلوں کی تعمیر مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے موصوف وزیر نے کہا: ‘سڑکیں اور پل ایک قوم کی زندگی ہوتے ہیں اور ان کی سماجی و اقتصادی تعمیر و ترقی میں کلیدی رول ادا کرتے ہیں’۔بتادیں کہ 43 کروڑ روپے لاگت والے ان چھ پلوں میں سے چار پل اکھنور میں اکھنور – پالن والا روڈ پر تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ دو پل ضلع کٹھوعہ میں تارنہ نالے پر تعمیر کئے گئے ہیں۔راجناتھ سنگھ نے آج یہاں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول سے متصل حساس سرحدی علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کے ذریعے مختلف علاقوں کو آپس میں جوڑنے والے اور دفاعی اہمیت کے حامل چھ پلوں کا افتتاح کیا ۔ اسٹریٹجک نقطہ نظر سے بہت اہمیت رکھنے والے ان پلوں کی تعمیر کا کام بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او)نے ریکارڈ وقت میں مکمل کیا ہے ۔وزیر دفاع نے اس کے لئے تنظیم کے تمام اہلکاروںکو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے انتہائی دشوار علاقوں اور سخت موسم کی صورتحال میں کام کرکے ملک کی تعمیر میں گرانقدر شراکت پر بھی ان کی تعریف کی۔ جموں وکشمیر میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دینے کے مرکزی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ان منصوبوں کی پیشرفت کی باقاعدگی سے نگرانی کر رہے ہیں۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ” ایسے وقت میں لوگوں کو جوڑنے والے ان پلوں کا افتتاح کرنا واقعی خوشگوار تجربہ ہے جب پوری دنیا ایک دوسرے سے دور رہنے پر زور دے رہی ہے ۔ میں بی آر او کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اس نے اہم کام کو بڑی مہارت کے ساتھ مکمل کیاہے "۔ بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی تعریف کے پل باندھتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ "بی آر او کے ذریعے پورے عزم کے ساتھ ملک کے سرحدی علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کی مسلسل تعمیر سے دور دراز علاقوں تک رسائی کو یقینی بنانے کے حکومت وژن کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مدد ملے گی۔ سڑکیں کسی بھی قوم کی لائف لائن ہوتی ہیں ۔سرحدی علاقوں میں سڑکیں نہ صرف اسٹریٹجک قوت ہیں، بلکہ دور دراز علاقوں کو قومی دھارے سے جوڑنے کا بھی کام کرتی ہیں”۔ وزیر دفاع نے کہا کہ "مجھے یقین ہے کہ جدید طرز کی سڑکوں اور پلوں کی تعمیر سے خطے میں خوشحالی آئے گی ۔ ہماری حکومت ملک کی سرحدوں پر بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے اور اس کے لئے ضروری وسائل مہیا کیے جائیں گے ۔ ہماری حکومت جموں و کشمیر کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے ۔ جموں و کشمیر کے عوام اور مسلح افواج کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت سارے دیگر ترقیاتی کام بھی جلد ہی شروع کیے جانے ہیں، جن کا مناسب وقت پر اعلان کیا جائے گا۔ اس وقت جموں خطے میں تقریبا 1000 کلومیٹر لمبی سڑکیں زیر تعمیر ہیں۔مسٹر سنگھ نے تسلیم کیا کہ پچھلے دو برسوں میں بی آر او نے جدید ترین ٹکنالوجی اور جدید ترین آلات کا استعمال کرتے ہوئے 2200 کلومیٹر سے زیادہ کٹائی کی ہے ، تقریبا 4200 کلومیٹر سڑکوں اور 5800 میٹر کے مستقل پلوں کی ایک انوکھی سطح تیار کی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ دفاعی اہمیت کی حاطل سڑکوں کی تعمیر کے لئے بی آر او کو کافی وسائل مہیا کیے جائیں۔ وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی موجودگی میں ان چھ پلوں کا افتتاح وزیر اعظم کے دفتر سے کیا گیا۔ جموں کے رکن پارلیمنٹ جوگل کشور شرما ویڈیو لنک کے ذریعہ سائٹ پر موجود تھے ۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل ایم ایم ناروانے ، دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار اور بی آر او کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ہرپال سنگھ اور فوج اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ان پلوں میں سے کٹھوعہ ضلع میں ترناہ نالے پر دو پل اور اخنور / جموں ضلع میں اخنور -پلنوال روڈ پر چار پل 30 سے300میٹر کے فاصلے پر بنائے گئے ہیں، جن کی تعمیر میں کل 43 کروڑ روپئے کی لاگت آئی ہے ۔حکومت کی جانب سے سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ دینے کے پیش نظر مالی سال 2020-221 میں بی آر او کا بجٹ 11800کروڑ روپے رہنے کا امکان ہے ۔ بی آر او کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ہرپال سنگھ نے مستقل رہنمائی اور تعاون پر وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا ۔