’پاکستان کشمیر کو جلتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے‘

0
0

بانڈی پورہ میں بی جے پی لیڈر کی ہلاکت کے خلاف جموں میں احتجاج
یواین آئی

جموں؍؍شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بی جے پی لیڈر کی جنگجوؤں کے ہاتھوں والد اور بھائی سمیت ہلاکت کے خلاف یہاں جمعرات کی صبح پارٹی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی پاکستان اور جنگجوؤں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور انہوں نے پاکستان کے جھنڈے اور وزیر اعظم عمران خان کے پتلے کو بھی نذر آتش کردیا۔احتجاجیوں جن کی سربراہی بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کررہا تھا، نے جموں شہر کے مصروف ڈوگرہ چوک کو بھی کچھ وقت تک بلاک کردیا۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیڈروں کو ہلاک کر کے کشمیر کو جلتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا: ‘پاکستان ہمیشہ کشمیر کو جلتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے۔ وہ جموں وکشمیر میں امن کی ہوا چلنے سے پریشان ہوگیا ہے’۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ ملی ٹنٹ ہمارے لیڈروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گذشتہ 70 برسوں سے کشمیر میں قربانی دے رہے ہیں اور ان حرکتوں سے ہم ڈرنے والے نہں ہیں۔قابل ذکر ہے کہ بانڈی پورہ میں بدھ کی شام جنگجوؤں نے بی جے پی کے ضلع صدر وسیم باری، والد بشیر احمد اور بھائی عمر بشیر پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں ان تینوں کی موت واقع ہوئی۔دریں اثنا کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا ہے کہ مہلوک بی جے پی لیڈر وسیم باری پر لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دو جنگجوؤں نے حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مہلوک لیڈر کی حفاظت پر مامور 10 ذاتی محافظوں کو نہ صرف گرفتار کیا گیا ہے بلکہ انہیں نوکریوں سے بر طرف بھی کیا گیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا