گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کے انتخابات کرانے کا مطالبہ
یواین آئی
سرینگر؍؍ گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں نے وادی کشمیر میں عبادت گاہوں کو کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر یونین ٹریٹری انتظامیہ سے پربندھک کمیٹیوں کے فوری الیکشن کرانے کی اپیل کی ہے۔بارہمولہ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سکریٹری تیج پال سنگھ کا کہنا ہے کہ سرکار پربندھک کمیٹیوں کے یا تو فوری طور الیکشن کرائے یا ان ہی کمیٹیوں کے ٹائم فریم میں مزید توسیع کی جائے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں برزلہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس پریس کانفرنس میں وادی کی سبھی چھ اضلاع کی پربندھک کمیٹیوں کے نمائندے موجود تھے۔انہوں نے کہا: ‘ گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کا ٹائم فریم ختم ہو رہا ہے ہماری گورنر انتظامیہ سے اپیل ہے کہ وہ یا تو فوری الیکشن کرائیں یا ان ہی کمٹیوں کو آگے بھی کام کرنے کی اجازت دیں’۔موصوف سکریٹری نے کہا کہ اگر سرکار الیکشن کے بغیر کمیٹیوں کو نامزد کرے گی تو وہ ہمیں قبول نہیں ہوگا اور نہ ہی ہماری کیمونٹی کے لوگ اس کو تسلیم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح وادی میں پبلک پارکوں اور باغوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے اسی طرح تمام عبادت گاہوں کو بھی گائیڈ لائنز کے تحت کھولنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔گوردوارہ پربندھک کمیٹی بڈگام کے سرپرست سنت پال سنگھ نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پربندھک کمیٹیوں کا الیکشن کے بغیر انتخاب ہمیں قابل قبول نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسا کیا گیا تو ہم اس کے خلاف احتجاج کریں گے اور اس کو ہر گز تسلیم نہیں کریں گے۔موصوف نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر اگر انتخابات ممکن نہیں ہیں تو پرانی کمیٹیوں کو ہی آگے کام کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ عبادت گاہوں کو بھی کھولنے کی اجازت دیں تاکہ لوگ اپنے اپنے مذہب کے مطابق عبادت کر سکیں اور اس وبا سے نجات حاصل کرنے کے لئے دعا مانگ سکیں۔