یواین آئی
نئی دہلی؍؍ حکومت نے کابینہ سکریٹری کی سربراہی میں ملک کے اندر سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک ‘بااختیار سکریٹری گروپ’ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی تمام وزارتوں میں ‘پروجیکٹ ڈیولپمنٹ سیل’ بنائے جائیں گے ۔بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت اقتصادی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں اس تجویز کو منظور ی دی گئی۔ میٹنگ کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت کے ان فیصلوں سے ملک میں سرمایہ کاری کا سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی اور ‘میک ان انڈیا’ مہم کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ حکومت کا یہ فیصلہ ہندوستانی معیشت کو 5000 ارب ڈالر کی مالیت والی بنانے کے لئے مناسب ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سکریٹری گروپ اور پروجیکٹ سیل ریاستوں اور مختلف محکموں اور سرمایہ کاروں کے مابین باہمی تعاون اور ہم آہنگی قائم کریں گے اور سرمایہ کاری کے عمل کو بلا رکاوٹ اور آسان بنائیں گے ۔جس سے سرمایہ کاروں کو آسانی ہوگی اور صنعتیں قائم ہوں گی اور ملک بھر میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔مسٹر جاوڈیکر نے کہا کہ امریکی ، یورپی اور چینی منڈیاں کورونا کی وبا کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ حکومتی فیصلوں سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو آمادہ کرنے میں مدد ملے گی اور ہندوستانی صنعتکار بدلتی ہوئی عالمی معیشت میں فائدہ اٹھا سکیں گے ۔کابینہ سکریٹری کی سربراہی میں تشکیل پانے والے انتہائی بااختیار سکریٹری گروپ میں نیتی آیوگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ممبر سکریٹری کی حیثیت سے شامل ہوں گے ۔ اس کے علاوہ انڈسٹری اینڈ ڈومیسٹک ٹریڈ کے فروغ کے سکریٹری کو کنویننگ ممبر بنایا گیا ہے ۔ سکریٹری گروپ میں محکمہ محصولات، محکمہ اقتصادی امور اور متعلقہ امور کے محکمہ کے سکریٹری شامل ہوں گے ۔ بااختیار سکریٹری گروپ کی بنیادی ذمہ داری یہ ہوگی کہ وہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو بروقت منظوری دیں اور متعلقہ محکموں اور وزارتوں اور ریاستوں کے مابین پائے جانے والے اختلافات کا ازالہ کرکے ہم آہنگی پیدا کریں۔پروجیکٹ ڈیولپمنٹ سیل کی تشکیل تمام وزارتوں میں کی جائے گی اور ان کی ذمہ داری مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے مابین ہم آہنگ کرنا ہوگی۔ یہ سیل براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر توجہ دے گی اور مزید رکاوٹوں کو دور کرے گی۔ یہ سیل جوائنٹ سکریٹری کی سربراہی میں تشکیل دیی جائے گی اور سکریٹری کے رہنما خطوط کے مطابق کام کرے گی۔