پلوامہ کے ترال میں تصادم، دو جنگجو ہلاک

0
0

یو این آئی

سری نگر؍؍ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں منگل کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی تصادم آرائی میں دو جنگجو مارے گئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ترال کے سیمو علاقے میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان منگل کی علی الصبح چھڑنے والا مسلح تصادم دو جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کا تعلق غالباً انصار غزوۃ الہند نامی جنگجو تنظیم سے ہے۔قبل ازیں جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج کے 42 آر آر، سی آر پی ایف کی 180 بٹالین اور جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے ترال کے سیمو علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا۔اس دوران تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں پناہ لئے جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں دو جنگجو مارے گئے۔ اس دوران جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ تصادم کی جگہ سے دو اے کے رائفلیں اور ان کی پانچ میگزینیں، دو پستولیں اور ان کی دو میگزینیں اور دو ہتھ گولے برآمد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز یا عام شہریوں کو کسی جانی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا