بنگلہ دیش کے بعد جموںوکشمیر حکومت عمان ، دوبئی اور ایران سے یوٹی شہریوں کو واپس لار ہی ہے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍کووِڈ۔19وبا کے دوران ہمسایہ ملک بنگلہ دیش سے جموںوکشمیر طلباء کونکالنے کے بعد حکومت جموںوکشمیر نے مرکز سے عمان ،دوبئی اور ایران میں درماندہ یوٹی شہریوں کو واپس لانے کی’ وندے بھارت مشن‘ کے تحت درخواست کی ہے۔اِس ضمن میں جموںوکشمیر کے چیف سیکرٹری نے حکومت ہند کے خارجہ سیکرٹری کو ایک مراسلہ بھی بھیجا ہے ۔چیف سیکرٹری نے خارجہ سیکرٹری کو عمان ، دوبئی اور ایران میں درماندہ جموں وکشمیر کے شہریوں کے اخراج کو ترجیحی بنیادپر یقینی بنانے کے لئے اُن سے ذاتی مداخلت طلب کی۔اپنے مراسلے میں چیف سیکرٹری نے خارجہ سیکرٹری کو جانکاری دی کہ جموںوکشمیر کے عوام نے ’وندے بھارت مشن ‘کے تحت بنگلہ دیش سے طلباء کو نکال کر واپس یوٹی لانے کے اِقدام کو کافی سراہا ہے۔مراسلے میں مزید لکھا گیا ہے ’’حکومت جموںوکشمیر کو عمان ، دوبئی اور ایران میں درماندہ شہریوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور کووِڈ۔19وباکے دوران اُن کے بیرونِ ملک قیام میں طوالت سے وہ بے چینی اور خوف کا شکار ہو رہے ہیں ۔اِس کے علاوہ ایسے درماندہ اَفراد جموںوکشمیر میں ہی 25؍ مئی 2020ء کو منائی جانے والی عیدالفطرمنانے کے خواہاں ہے ۔‘‘