لازوال ڈیسک
جموں؍؍مڈڈے میل سکیم کے تحت جن مستحق 8.29لاکھ بچوں کو خشک راشن فراہم کیا گیا تھا اُن کے حق میں ایک ماہ کا فوڈ سیکورٹی الائونس یعنی پکانے کی قیمت کے طور پر 14.47کروڑ روپے کی رقم واگزار کی گئی ۔یہ قدم لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے آج یہاں منعقدہ میٹنگ میں اُٹھایا۔ میٹنگ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعلیم ، مشن ڈائریکٹر ایم ڈی ایم اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔واضح رہے کہ کووِڈ۔19وبا کے پیش نظر مستحق بچوں کو خشک راشن (چاول) فراہم کئے گئے تھے تاکہ وہ یہ راشن گھروں میں پکا سکے ۔آج واگزار رقم متعلقہ ضلاع کے چیف ایجوکیشن اَفسران ان کے بینک کھاتوں میں ڈی بی ٹی کے ذریعے جمع کریں گے۔واگزار رقم میں سے پرائمری کلاسوں کے بچوں کے حق میں یومیہ 4.97 روپے فی بچہ اور اپر پرائمری کلاسوں کے بچوں کو یومیہ 7.45روپے فی بچہ بطور پکانے کی قیمت فراہم کی جائے گی۔مشن ڈائریکٹر ایم ڈی ایم نے مشیر کو مطلع کیا کہ کووڈ۔ 19کے وباپیش نظر لاگو لاک ڈاون کے سبب محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین کے تعاون سے جموں وکشمیر کے زائد از 8لاکھ طلباء میں سکیم کے تحت خشک راشن ( چاول) فراہم کئے ۔اُنہوں نے مشیر کو مزید بتایا کہ جموں صوبے سے تعلق رکھنے والے 442768 طلباء جبکہ صوبہ کشمیر کے 359718 طلباء کو خشک راشن ( چاول ) فراہم کیا گیا ۔ اس کے علاوہ مڈڈے میل سکیم کے تحت پکانے کی قیمت کی رقم ان طلباء کے بین کھاتوں میں ڈی بی ٹی طریقہ کار کے تحت جمع کرنے کے لئے ان طلباء کے بینک کھاتوں کی تفصیل بھی حاص کی گئی۔واضح رہے کہ مڈڈے میل سکیم کا مقصد سرکاری سکولوں میں اول سے آٹھویں جماعتوں میں پڑھنے والے بچوں کے تغذیہ کو بہتر بناناہے ۔ اس کے علاوہ نادار طبقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو روزانہ سکول میں حاضری دینے کی جانب راغب کرنا بھی سکیم میں شامل ہے۔