بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی، 13 مئی ( یواین آئی) کورونا وائرس (كووڈ -19) کی وبا مسلسل بڑھتی جا رہی ہے اور عالمی سطح پر اب تک 42 لاکھ سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 4،246،741 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 290،879 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔
ہندوستا ن میں بھی کورونا وائرس کا انفیکشن بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب یہ 50 ہزار سے زائد کیسز کی تعداد والے ممالک کی فہرست میں 12 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے ۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے بدھ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 74،281 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 2415 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ ملک میں اب تک کورونا کے 24،386 مریض مکمل طور صحت یاب بھی ہو چکے ہیں ۔
سي ایس ایس ای کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور یہاں سب سے زائد 13 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں ۔ امریکہ میں 1369314 افراد متاثر ہیں اور 82،340 ہلاکتیں ہو چکی ہیں ۔
روس میں بھی كووڈ -19 کا قہر مسلسل تیزی سے بڑھ رہا ہے اور یہ كووڈ -19 کے انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے مقام پر ہے ۔ ملک میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ۔ یہاں اب تک 232243 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 2009 افراد اس وبا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں ۔