بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی 12 مئی (یو این آئی) کوروناوائرس (كووڈ -19) وبا کا قہر مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور پوری دنیا میں اب تک 41 لاکھ سے زیادہ لوگوں میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوچکی ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر کے 187 ممالک اور علاقوں میں اب تک 4166095 لوگ اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں اور 284640 لوگوں کی اس سے موت ہو چکی ہیں۔
ہندوستان میں بھی کوروناوائرس کا انفیکشن کافی تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب یہ 50 ہزار سے زائد منتقلی کی تعداد والے ممالک کی فہرست میں 13 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3604 نئے کیس سامنے آئے ہیں اوریہ 70 ہزار کے ہندسے سے تجاوز کرگئی ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے منگل کی صبح جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 70756 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 2293 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ملک میں اب تک 22455 لوگ مکمل طور ٹھیک بھی ہو چکے ہیں۔
سی ایس ایس ای کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کوروناوائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور یہاں سب سے زیادہ 13 لاکھ سے زیادہ انفیکشن کے معاملے سامنے آئے ہیں۔
دنیا کی سپر پاور سمجھے جانے والے امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس انفیکشن کے 17948 نئے کیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کل متاثرین کی تعداد 1347151 ہوگئی۔ اسی مدت میں 850 لوگوں کی موت کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 80378 ہو گئی۔
یوروپ کے شدید متاثر ملک اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 30739 لوگوں کی اموات ہوئی ہیں اور اب تک 219814 لوگ اس متاثرہ ہوئے ہیں۔ اسپین كووڈ -19 کے انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں اب تک 227436 لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 26744 لوگوں کی اس کی وجہ سے موت ہو چکی ہے۔