لازوال ڈیسک
جموں ؍؍چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے آج ملک کے دیگر حصوں سے ریل گاڑیوں کے ذریعے لائے جا رہے جموں کشمیر کے درماندہ لوگوں کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ جموں ریلوے سٹیشن پر اترنے والے درماندہ لوگوں کی کووڈ 19 وباء کیلئے جاری لازمی پروٹوکول اور انتظامی رہنما خطوط کے تحت طبی جانچ لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے یہاں آنے والے مسافروں کیلئے ٹیسٹنگ اور کورنٹین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامات کئے ہیں ۔ اس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و اطلاعات ، چیف الیکٹورل افسر جموں کشمیر اور ڈویژنل کمشنر جموں بھی موجود تھے ۔ جموں ریلوے سٹیشن پر اترنے والے مسافروں کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کیلئے ریلوے پلیٹ فارم پر اُن کی ضروری تفصیلات درج کرنے کیلئے ڈیٹا انٹری اوپریٹروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ اس دوران بتایا گیا کہ مسافروں کو ریل گاڑیوں سے اترتے وقت سماجی دوری قواعد پر عمل پیرا رہنا ہو گا اور کووڈ19 وباء کے مزید پھیلاؤ پر روک لگانے کیلئے جاری تمام رہنما خطوط اور قواعد و ضوابط کی عمل آوری یقینی بنانی ہو گی ۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر جموں ، چیف ایگزیکٹو افسر ای آر اے ، ایس ڈی ایم ساؤتھ جموں ، پرنسپل میڈیکل کالج جموں ، منیجنگ ڈائریکٹر ایس آر ٹی سی ، ریجنل آفیسر جموں ، ڈویژنل ٹریفک منیجر ریلوے اور ایس ایس پی جموں ، ایس ایس پی ریلوے بھی چیف سیکرٹری کے ہمراہ تھے ۔