ملک میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے چار ہزار سے زائد نئے کیسز
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍ملک میں کورونا وائرس (کووڈ -19) کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور پہلی بار ایک دن میں چار ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں کورونا کے 4213 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد 67 ہزار سے زائد ہو گئی اور اس دوران 97 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 2206 ہوگئی ہے ۔ملک میں کورونا انفیکشن کے لگاتار بڑھنے کے باوجود ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس بیماری سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور ایسے افراد کی تعداد 20 ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے پیر کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس سے اب تک 67،152 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2206 افراد ہلاک ہوئے ہیں ، وہیں اب تک 20917 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔وزارت نے سیلف آئسولیشن اور ہوم آئسولیشن کے لئے معیار قائم کرنے اورچوبیسوں گھنٹے نگہداشت کرنے والوں کی دستیابی اور مطلوبہ سہولیات کے پیش نظر نظرثانی ہدایات جاری کی ہیں۔ حکومت نے مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کے لئے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ملک میں کورونا سے سب سے زائد مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے ۔ مہاراشٹر میں 22171 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 832 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ، وہیں 4199 افراد اس وبا سے صحت یاب ہوئے ہیں ۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا مغربی ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں اب تک 8194 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 493 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی 2545 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ اس مہلک وائرس کی وجہ سے قومی دارالحکومت دہلی کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ یہاں اب تک ، 6923 افراد اس انفکشن کا شکار ہوچکے ہیں حالانکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے موت کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے ۔ دہلی میں اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 73 ہوچکی ہے ۔ اسی کے ساتھ ہی 2069 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔راجستھان میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ اب تک یہاں 3814 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 107 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ وہیں 2176 افراد اس سے بازیاب ہوئے ہیں۔ تمل ناڈو میں اس انفیکشن کے مریضوں کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور یہ تعداد 7204 تک جا پہنچی ہے اور 47 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 1959 افراد صحت مند ہوئے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 3467 افراد اس انفیکشن کی زد میں آچکے ہیں۔ یہاں 74 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 1653 افراد بازیاب ہوئے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک 3467 لوگ متاثر ہوچکے ہیں ۔ اب تک 74 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 1653 افراد بازیاب ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں ابھی تک 1196 افراد کورونا سے متاثر ہوئٍے ہیں۔یہاں 30 افراد ہلاک جبکہ 750 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں 1980 اور کرناٹک میں 848 افراد متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں اموات کی تعداد بالترتیب 45 اور 31 ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب مرکز کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر میں مریضوں کی تعداد 861 ہوگئی ہے جس میں نو افراد کی موت ہوگئی ہے ۔ مغربی بنگال میں 185 ، پنجاب میں 31 ، ہریانہ میں 10 اور بہار میں چھ ، کیرالہ میں چار ، جھارکھنڈ اور اڈیشہ میں تین ، ہماچل پردیش ، آسام اور چنڈی گڑھ میں دو اور میگھالیہ اور اتراکھنڈ میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔