یواین آئی
سرینگر؍؍جموں و کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی وراننگ کے بیچ وادی کشمیر میں پیر کے روز بعد از سہ پہر تیز ہوائیں بھی چلیں اور پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں بھی ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے پیر کے روز ایک وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ماہ رواں کی 15 تاریخ تک گرج چمک کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے تاہم لداخ کے لئے ایسی کوئی وارننگ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہونے کی بھی توقع ہے۔ادھر وادی میں پیر کو مطلع ابر آلود رہنے کے بیچ سہ پہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے لگی اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں موسلا دھار بارشیں بھی ہوئیں۔ کئی میدانی علاقوں سے ہلکی بارش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔اطلاعات کے مطابق تیز ہوائیں چلنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی اور میوہ درختوں پر پھوٹے شگوفے ہوا میں بکھر گئے۔ وادی کے اضلاع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ہی ان اضلاع میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوئی اور یہ رپورٹ فائل کئے جانے تک بیشتر علاقوں میں بجلی سپلائی بند ہی تھی۔