پروٹوکول مرتب ، صد فیصد کا ٹیسٹ کیا جائے گا سبھی کورنٹین میں رکھے جائیں گے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍حکومت جموں و کشمیر نے کووڈ 19 کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے لائے جا رہے یونین ٹیر ٹری کے رہنے والوں کو بذریعہ ریل آمد کو ہری جھنڈی دکھائی ہے ۔ یو ٹی میں داخل ہونے والی ریل گاڑیاں مسافروں کو اودھمپور ریل سٹیشن پر چھوڑیں گی اور پہلی ریل گاڑی کی آمد ایتوار شام یا سوموار صبح متوقع ہے ۔ ایسے افراد کی بذریعہ ریل وطن واپسی کیلئے مفصل انتظامات کئے گئے ہیں حکام نے پروٹوکول مرتب کئے ہیں اور ان کی ضلع وار واپسی کیلئے ایک جامع لایحہ عمل بھی تیار کیا گیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ اودھمپور نے بذریعہ ریل واپس آنے والوں کیلئے فی دن ایک ہزار نمونے حاصل کرنے کی تیاری کی ہے اور تمام مسافروں کی کووڈ 19 کیلئے ٹیسٹ کئے جائیں گے ۔ انتظامیہ کے مطابق واطن واپس آنے والوں کی رجسٹریشن اور اُن کو اپنے بذریعہ بس اپنی منازل تک پہنچانے کیلئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں ۔ جموں ، سانبہ ، کٹھوعہ واپس آنے والوں کو جموں بھیجا جائے گا یہاں اُن کے نمونے لیکر انہیں انتظامی کورنٹین میں رکھا جائے گا جبکہ ڈوڈہ ، کشتواڑ کے واپس آنے والوں کو ڈوڈہ بھیج کر نمونے حاصل کرنے کے بعد متعلقہ اضلاع میں انتظامی کورنٹین میں رکھا جائے گا ۔ اسی طرح ریاسی ، راجوری اور پونچھ واپس آنے والوں کو اُن کے اضلاع بھیج دیا جائے گا اور اُن کے نمونے متعلقہ اضلاع میں لئے جائیں گے اور وہیں انتظامی کورنٹین میں رکھے جائیں گے ۔ اسی طرح رام بن ، اودھمپور واپس آنے والوں کو اودھمپور بھیجا جائے گا یہاں اُن کے نمونے حاصل کئے جائیں گے تا ہم انہیں بالترتیب رام بن اور اودھمپور میں انتظامی کورنٹین میں رکھا جائے گا ۔ کلگام ، اننت ناگ واپس آنے والوں کے نمونے اودھمپور میں ہی حاصل کئے جائیں گے اس کے بعد انہیں کلگام اور اننت ناگ انتظامی کورنٹین میں رکھنے کیلئے بھیج دیا جائے گا ۔ باقی ماندہ کشمیر کے 8 اضلاع کے واپس آنے والوں کو اُن کے متعلقہ اضلاع بھیج دیا جائے گا یہاں اُن کے نمونے حاصل کئے جائیں گے اور وہیں انہیں انتظامی کورنٹین میں رکھا جائے گا ۔ اگر اودھمپور میں کسی مخصوص دن اضافی گنجائش ہو گی تو مزید اضلاع بشمول کپواڑہ ، بڈگام اور سرینگر کے واپس آنے والوں کے بھی نمونے لئے جا سکتے ہیں ۔ اس ضمن میں اودھمپور کے ضلع حکام متعلقہ اضلاع کو جانکاری دیں گے ۔ تمام واپس آنے والوں کا صد فیصد ٹیسٹ کیا جائے گا اور سبھی کو انتظامی کورنٹین کی مدت مکمل کرنی ہو گی ۔ اگر کسی کا ٹیسٹ منفی ثابت ہو تو اس سلسلے میں ایسے افراد کو 14 دن کے ہوم کورنٹین میں رہنے کی اجازت دی جائے گی ۔ تمام واپس آنے والوں کو پولیس حفاظت میں بسوں میں کورنٹین مراکز تک بھیجا جائے گا ۔ دریں اثنا صوبائی انتظامیہ جموں نے جموں میں درماندہ 97 کشمیر کے باشندوں کی واپسی کے انتظامات کئے ۔ درماندہ کشمیری ایس آر ٹی سی کی بسوں میں سرینگر اور گاندر بل اضلاع کی جانب سنجواں ، بٹھنڈی اور سدھڑا سے روانہ ہوئے ہیں ۔ حکام کے مطابق یہ عمل اگلے کچھ روز تک جاری رہے گا ۔ حکام کے مطابق جموں سے کشمیر بذریعہ بس جانے کے خواہاں کنبوں کیلئے ڈویژنل کمشنر جموں کی ویب سائیٹ پر رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے ۔