2012میں کلر کٹل کو جموں پونچھ قومی شاہراہ سے جوڑنے کے لئے سڑک اور پل کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا، تاہنوز نامکمل
افتحار جعفری ؍ آکاش ملک
سرنکوٹ ؍؍تحصیل سرنکوٹ میں واقع گاؤں کلرکٹل درگاہ شریف سید کریم شاہ غازی بادشاہ جس پر سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں لیکن موزوں و معقول راستہ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔یہ درگاہ دریائے سرن کے بالکل درمیان میں واقع ہے اور زائرین کو درگاہ تک پہنچنے کے لئے معقول راستہ دستیاب نہیں ہے۔سال 2012 میں کلر کٹل کو جموں پونچھ قومی شاہراہ سے جوڑنے کے لئے نبارڈ اسکیم کے تحت ایک سڑک و پل کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا جو 2014 میں آئے تباہ کن سیلاب کی نظر ہو گیا جو تب سے دوربارہ شروع نہیں ہوا ہے جس پر مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور لاپرواہی کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق درگاہ شریف کو جانے والی سڑک و پل 2014 میں آئے تباہ کن سیلاب کی نظر ہو گیا جو ابھی تک تشنہ تکمیل ہے۔اس حوالے سے سماجی کارکن سید وسیم الحسن نے ذرائع ابلاغ نمائندگان کو بتایا کہ سال 2012 میں نبارڈ اسکیم کے تحت سڑک و پل کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا جو 2014 میں آئے سیلاب کی نظر ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد متعلقہ محکمہ نے اس کام کو ادھورا چھوڑ دیا ہے جو ابھی تک دوبارہ شروع نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک و پل نہ ہونے کی وجہ سے اسکولی بچوں سمیت بزرگوں کو بھی کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے اور ہر وقت جانی زیاں کا حدشہ لاحق رہتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہزار وں خواہشمند زائرین سڑک و پل نہ ہونے کی وجہ سے درگاہ تک نہیں پہنچ پاتے چونکہ درگاہ دریا کے بالکل درمیان میں واقع ہے۔مقامی رہائشی سید الطاف حسین و وجاہت بخاری نے ذرائع ابلاغ کے ذریعے لیفٹیننٹ گورنر سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل ہے اور مانگ کی ہے کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے لاپرواہی برتنے پر تحقیقات ہونی چاہیے اور سخت کاروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔